سانحہ قاسم باغ اسٹیڈیم ملتان کی رپورٹ وزیراعظم کو ارسال

Tragedy, Qasim Bagh Stadium

Tragedy, Qasim Bagh Stadium

اسلام آباد (جیوڈیسک) سانحہ قاسم باغ اسٹیڈیم ملتان کی رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی، رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کو اسٹیج سے باربار اعلان کرنے کا کہا گیا، مگر کسی نے بات نہیں سنی، شاہ محمود قریشی نے بھی کان نہیں دھرے، سی پی او اور ڈی سی او ملتان کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کو ارسال کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کا اطلاق جلسہ گاہ کے مکمل خالی ہونے تک ہونا تھا۔

پی ٹی آئی نے جلسے کے انتظامات صرف ایک رات پہلے مکمل کئے، رپورٹ میں کہا گیا کہ اسٹیڈیم میں بائیس سو پولیس اہلکار تعینات تھے، جلسہ گاہ کے پانچ گیٹ تھے، جن پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے، رپورٹ کے مطابق عمران خان کا خطاب ختم ہونے سے قبل ہی لوگوں نے اسٹیڈیم سے باہر جانا شروع کر دیا۔

رش کے باعث کچھ لوگ پھسل کر گر گئے اور دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے، رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ انتظامیہ کو اسٹیج سے بار بار اعلان کرنے کا کہا گیا مگر کسی نے بات نہیں سنی،اے ایس آئی نے شاہ محمود قریشی سے بات بھی کی مگر کسی نے کان نہیں دھرے، رپورٹ کے مطابق لوگوں کو باہر جانے سے روکنے کیلئے پانی کا استعمال بھی کیا گیا۔