تترال میں پاکستان تحریک انصاف کا کامیاب جلسہ، سیاسی مخالفین کے چکھے چھڑا دئیے

چکوال : تترال میں پاکستان تحریک انصاف کا کامیاب جلسہ، سیاسی مخالفین کے چکھے چھڑا دئیے گزشتہ روز چکوال کے قصبہ تترال میں منعقد ہونیوالے جلسے میں عوام کی بہت بڑی تعداد اور جذبہ نے ثابت کر دیا کہ تبدیلی کی وہ لہر جس کی بات عمران خان کر رہے ہیں ملک بھر سمیت ضلع چکوال کے کوچے کوچے اور گلی گلی میں آ چکی ہے اس موقع پر امیدواران کے تاخیر سے آنے کے باوجود بھی عوام اپنی جگہ پر بیٹھے رہے اور قائدین کی آمد پر ان کا والہانہ استقبال کیا۔

جس کے بعد قائدین کو گلدستے پیش کیے گئے اور گلے میں ہار پہنائے گئے جلسہ میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض چوہدری نوید کہوٹ نے ادا کیے میزبان مقرر راجہ نذیر آڑھتی اور محمد خان تترال تھے۔ اس موقع پر چوہدری ایاز امیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل اس وقت عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے۔

بوڑھے نہ کبھی کچھ کر پائے ہیں اور نہ کر پائے ہیں تو ہم سب بوڑھوں کو چاہئے کہ ملک کو اس وقت جس تبدیلی کی ضرورت ہے وہ عمران خان ان نوجوانوں کے ہمراہ لے آئیں گے۔ اس لیے ان نوجوانوں کا ساتھ دیں یہ جو لہر اور دلچسپ صورت حال اس الیکشن میں نظر آ رہی ہے اس سے پہلے صرف70ء میں دکھائی دی اس وقت کی نئی جماعت پیپلزپارٹی تھی اور آج تحریک انصاف ہے میری آپ سے درخواست ہے کہ نیا پاکستان بنانے کے لیے صرف بلے پر مہر لگائیں۔

اس موقع پر راجہ یاسر ہمایوں سرفراز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو ان مسائل سے نکالنے کا حل صرف عمران خان ہی کے پاس موجود ہے اور تحریک انصاف اقتدار میں آتے ہی سب سے پہلے بنیادی سہولیات فراہم کرے گی جس میں سب سے پہلے غیر طبقاتی نظام تعلیم ہر شہر ہر گائوں میں لایا جائیگا۔ تاکہ ہماری قوم ترقی کی طرف گامزن ہو سکے۔

انہوںن ے کہا کہ عوام جھوٹی قسمیں کھانے والوں اور پٹڑی چوروں سے عاجز آ چکے ہیں۔ اس لیے تبدیلی کے لیے گیارہ مئی کو صرف اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کریں گے۔ اس موقع پر چوہدری علی ناصر بھٹی، ملک شاہد اقبال، چوہدری شاہنواز امیر، قاضی محسن اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ امیدواران نے اس کے علاوہ چک نورنگ اور چک عمراء میں تاریخی جلسوں سے خطاب کیا۔