دو مرتبہ آئین توڑنا ملک وقوم کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف تھا جس کا خمیازہ قوم آج تک بھگت رہی ہے۔ حاجی سیف اللہ طاہر مغل

Haji Saif Ullah Tahir Mughal

Haji Saif Ullah Tahir Mughal

مصطفی آباد/للیانی (محمد عمران سلفی) دومرتبہ آئین توڑنا ملک وقوم کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف تھاجس کاخمیازہ قوم آج تک بھگت رہی ہے۔ جنرل(ر) مشرف پہلے کیسوں میں عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں اور اب سیکورٹی اور بیماری کا بہانہ بنا کر عدالت کے ساتھ جو مذاق کیا جا رہا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مشرف غداری کیس کو سوچی سمجھی سازش کے تحت الجھایا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار سنیئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف قصور حاجی سیف اللہ طاہر مغل نے صحافیوں کو دئیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت پرشب خون، عدلیہ کی آزادی پر حملہ، لال مسجد میں معصوم بچیوں کو شہید کرنا، اکبر بگٹی کا قتل، آئین پاکستان کے ساتھ کھلواڑا ور ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت سینکڑوں پاکستانیوں کو امریکہ کے حوالے کرنا جیسے سنگین الزامات کی طویل فہرست ہے جس کی وجہ سے 18 کروڑ عوام مشرف کو قومی مجرم سمجھتے ہیں لہذا انہیں اپنے کیے کی سزا ضرور ملنی چاہئے۔ آج ملک میں عدالتیں آزاد اور میڈیا کی وجہ سے عوام باشعور ہو چکے ہیں، عوام کو گمراہ کرنے والے کبھی اپنے گھناونے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9/11 کے بعدجو پالیسیاں مشرف نے اپنائی ان سے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ دہشت گردی کی عفریت اور ڈرون حملوں کی غیر اعلانیہ اجازات کے باعث 50ہزار سے زائد معصوم لوگ مشرف کی ملک دشمن اور گھٹیا پالیسیوں کی بدولت اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ ملکی معیشت کو 100 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان الگ سے ہواہے۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف قومی مجرم ہے اس سے کسی قسم کی رعایت قوم کے ساتھ غداری کے مترادف ہو گی۔