یواے ای: رات کو کرونا کرفیو کے دورانیے میں 20 مئی سے دو گھنٹے کا اضافہ

UAE Coronavirus

UAE Coronavirus

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے 20 مئی سے تاحکم ثانی رات کے کرفیو کے دورانیے میں مزید دو گھنٹے اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اب اس کرفیو کا آغاز رات آٹھ بجے ہو گا اور صبح چھے بجے تک جاری رہے گا۔

یو اے ای کی حکومت نے ملک بھر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 26 مارچ کو صفائی ستھرائی کا قومی پروگرام شروع کیا تھا اور اس پر عمل درآمد کے لیے رات دس بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کردیا تھا۔

اس پروگرام میں یواے ای کے مختلف سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں کارکنان ، نگران اور منتظمین حصہ لے رہے ہیں۔اس تطہیری پروگرام کے تحت دبئی میٹرو ، ٹیکسیوں ، بسوں اور ٹراموں کو مصفا کیا گیا ہے اور کیا جارہا ہے۔

یو اے ای کے حکام کا کہنا ہے کہ اب خریداری مراکز اور مال صبح نو بجے سے شام سات بجے تک کھلیں رہیں گے۔

یو اے ای میں جاری نظافت کے اس پروگرام کے تحت ریستوران ، باہمی تعاون کی سوسائٹیاں ، روزمرہ استعمال کی دکانیں ، سپرمارکیٹیں اور دوا خانے ہفتے میں سات دن اور 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہے۔

تاہم 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ افراد اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو شاپنگ مالوں اور خریداری مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔حکام نے ان خریداری مراکز میں آنے والے افراد کویہ ہدایت کی ہے کہ وہ وہاں دو گھنٹے سے زیادہ دیر نہ رہے۔

قبل ازیں محکمہ صحت کے حکام نے آج سوموار کو یو اے ای میں کرونا وائرس سے چاراموات اور 832 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔اب ملک میں اس مہلک وبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 24190 ہوگئی ہے۔