یوکرین نے کریمیا کے معاملے پر وزیر دفاع کو برطرف کر دیا

Ukraine Parliament

Ukraine Parliament

کیف (جیوڈیسک) یوکرین کی پارلیمنٹ نے کریمیا سے فوج نکالنے کے معاملے پر وزیر دفاع ایگر ٹینیوک کو برطرف کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کے کریمیا میں تعینات فوجی کمانڈر نے کریمیا کے معاملے پر اعلیٰ قیادت اور وزیر دفاع کی غیر یقینی کیفیت اور پریشانی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد یوکرینی پارلیمنٹ نے اپنے ہی وزیر دفاع کو فارغ کرنے کیلئے ایوان میں ووٹنگ کرائی۔

پارلیمنٹ میں وزیر دفاع کو برطرف کرنے کا معاملہ آیا تو 450 کے ایوان میں 228 ارکان نے وزیر دفاع ایگر ٹینیوک کو برطرف کرنے کی حمایت کی۔ دوسری جانب اراکین نے نگراں وزیر دفاع کیلئے لیفٹیننٹ جنرل مکھیلو کووال کا نام منظوری کیلئے نگراں صدر الیگزنڈر ٹرچنوو کو ارسال کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین میں روس نواز صدر کی جلاوطنی کے بعد کریمیا کے عوام نے ریفرنڈم کے بعد روس سے الحاق کرلیا تھا تاہم ابھی تک امریکا اور مغربی طاقتوں کی جانب سے کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کو تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔