یوکرائن پر حملہ کیا تو روس ‘سنگین نتائج‘ کے لیے تیار رہے، جی سیون

G7 Meeting

G7 Meeting

برطانیہ (اصل میڈیا ڈیسک) جی سیون نے برطانیہ میں جاری اپنے اجلاس کے حتمی اعلامیے میں روس کو خبردار کیا ہے کہ یوکرائن پر حملے کی صورت میں اسے ‘سنگین نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دنیا کے سات بڑے صنعتی ممالک کے گروپ جی سیون میں شامل ممالک کی جانب سے روس کو یہ تنبیہ ان اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی ہے، جن کے مطابق روس یوکرائنی سرحد پر فوجیوں کی تعیناتی کو بڑھا رہا ہے۔

برطانیہ کی سکریٹری خارجہ لز ٹرس نے کہا کہ اس گروپ کی جانب سے ولادیمیر پوٹن کو واضح پیغام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کی جانب سے یوکرائن پر کسی بھی حملے کی صورت میں اسے ‘بہت سنگین نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

برطانوی شہر لیور پول جی سیون اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس گروپ میں برطانیہ، جرمنی، فرانس، امریکا، اٹلی، کینیڈا اور جاپان شامل ہیں۔

حال ہی میں یوکرائنی سرحد کے قریب روسی فوجیوں کی تعیناتی میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق روس کے قریب ایک لاکھ فوجی یوکرائنی سرحد کے قریب تعینات ہیں، جس کے باعث روس کے یوکرائن پر حملہ کرنے کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ روس ایسے کسی بھی پلان کو مسترد کرتا ہے۔

ماسکو حکومت کا کہنا ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی مشرق کی جانب توسیع روس کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔ ماضی میں روس سن 2008 میں جارجیا کے کچھ علاقوں پر بمباری کر چکا ہے۔

تب جارجیا کی جانب سے اپنے ملکی علیحدگی پسندوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ حال ہی میں ایک بیان میں روسی انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ یوکرائن کو جارجیا کی طرح نیٹو میں شمولیت حاصل کرنے جیسے فیصلے کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ جارجیا کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑی تھی۔