عمر شریف کو طبیعت بگڑنے پر سی سی یو منتقل کر دیا گیا، امریکا روانگی موخر

 Umar Sharif

Umar Sharif

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی علاج کے لیے امریکا روانگی موخر کر دی گئی ہے۔

پاکستان کے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی علاج کے لیے امریکا روانگی موخر کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستان کےعالمی شہرت یافتہ کامیڈین، ڈرامہ نگار اور فلم اسٹار عمر شریف کی حالت ایک مرتبہ پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا اور طبیعت بگڑنے پر انہیں سی سی یو وارڈ منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں اگلے 48 گھنٹے تک زیر نگرانی رکھا جائے گا۔ جب کہ طبیعت بہتر ہونے پر ان کی بیرون ملک روانگی سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر اور پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمر شریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں اوروہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن ہسپتال منتقل کیا جانا تھا۔ جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگـ‘ کے ذریعے علاج کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔