عمرہ کے انتظامات مکمل حرمین انتظامیہ نے تفصیلی’عمرہ’ پروٹوکول جاری کر دیا

Ahmed bin Muhammad Al Mansoori

Ahmed bin Muhammad Al Mansoori

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) الحرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈنسی کی طرف سے ‘کوویڈ ۔ 19’ کے وضع کردہ ایس او پیز کے تحت معتمرین کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرنے کے بعد عمرہ پروٹوکول کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

الحرمین جنرل پریزیڈینسی کی طرف سے جاری کردہ عمرہ پلان کے مطابق اللہ کے مہمانوں کے لیے تمام ضروری حفاظتی تدابیر اور سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

جمعرات کی شام کو مسجد حرام کے سیکرٹری جنرل احمد بن محمد المنصوری نے ایک پریس کانفرنس میں عمرہ پروٹوکول کی تفصیلات بتائیں۔

مسجد حرام کے انتظامی اور مالی امور کے سیکرٹری سعد بن محمد المحیمید نے بتایا کہ الحرمین کی جنرل پریزیڈنسی نے مسجد حرام میں عمرہ کے ایام میں عمرہ زائرین کے لیے ایک ہزار سے زاید اضافی ملازمین تعینات کیے ہیں۔ ان ملازمین کو مختلف رنگوں کے یونیفارم کےساتھ معتمرین کی مدد اور رہ نمائی کےلیے مسجد کے مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔ ان ملازمین کی نگرانی کے لیے 125 سپروائزر تعینات کیے گئے ہیں۔

الحرمین الشریفین میں علمی اور فکری امور سیکرٹری ناصر بن عثمان الزھرانی نے بتایا کہ جنرل پریزیڈینسی دینی دروس کے ذریعے عمرہ زائرین کو اسلام کی اعتدال پسندانہ تعلیمات کے حوالے سے رہ نمائی فراہم کی جائے گی۔

مسجد حرام میں تکنیکی اور سروسز امور کے شعبے کے سیکرٹری محمد بن مصلح الجابری نے بتایا کہ مسجد حرام کو دن میں 10 بار دھونے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ دن میں ٹوائلٹس کی کم سے کم 6 بار صفائی کی جائے گی۔ مسجد حرام کے تمام قالینوں کو چوبیس گھنٹوں کی بنیاد پر جراثیم کش اسپرے سے پاک کیا جائے گا۔ زمزم کی ٹکینوں کو بھی سینی ٹائزر کے ذریعے پاک کیا جائے گا۔ مسجد حرام میں استعمال ہونے والی تمام وہیل چیئرز، برقی زینوں، داخلی اور خارجی راستوں، ایئرکنڈینشز۔ ایگزاسٹ پر دن میں کم سے کم تین بار سینی ٹائزر کا چھڑکائو کیا جائے گا۔

مسجد حرام کے سیکرٹری برائے اطلاعات عادل بن عبید الاحمدی نے بتایا کہ عمرہ کے لیے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی رہ نمائی کے لیے تمام پلیٹ فارم کو استعمال کیا جائے گا۔ مسجد حرام کے اندر جگہ جگہ رہ نما ڈیجیٹیل بورڈ نصب کیے گئے ہیں جن پر عمرہ کی ادائی کے دوران زائرین کو ہدایات دی گئی ہیں۔

عمرہ پروٹوکول میں‌ بتایا گیا ہے کہ مطاف میں دو الگ الگ لائنیں لگائی گئی ہیں۔ جن میں سے ایک وقت میں ایک ٹریک پر 100 افراد طواف کریں گے۔ پندرہ منٹ میں زائرین سات چکر لگائیں‌ گے۔ مجموعی طور پر ایک گھنٹے میں سات چکروں کے دوران 400 زائرین طواف کی سعادت حاصل کریں گے۔