متحد نہ ہوئے تو پاکستان کا نقصان ہو گا، وزیر اعظم

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی گرفت میں ہے، اولین ترجیح طالبان کے ساتھ مذاکرات ہیں، اگر متحد نہیں ہوں گے تو پاکستان کا نقصان ہوگا، جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم ہاس میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کے دوران دہشت گردی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں افراد شہید ہوچکے ہیں۔

اگر اب بھی اکٹھے نہیں ہوں گے تو نقصان پاکستان کا ہوگا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ جہاں اور جس صوبے میں ضرورت ہوگی، وفاق مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کا جنگی بنیادوں پر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہشت گردی اور معیشت کے معاملے پرکوئی سیاست نہیں کریں گے، پاکستان کو گھمبیرمسائل اور کئی چیلنجز کا سامنا ہے جس کے حل کے لئے ہم سب کو متحد ہونا چا ہئے۔

اور اس کے دیرپا حل کے لئے لائحہ عمل طے کر نا چا ہئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کی گرفت میں ہے۔ مجھے امید ہے جس طرح کراچی کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کے تعاون سے معاملات پر پیش رفت ہو ئی اسی طرح ملک کو در پیش دیگر معاملات میں بھی کسی نہ کسی حل کی جانب بڑھیں گے، ہمیں پاکستان کے 18 کروڑ عوام کو مسائل سے نکالنا ہے۔

اگر ہم متحد نہیں ہوئے تو نقصان پاکستان کا ہو گا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں افراد شہید ہوچکے ہیں، دہشت گردی کے باعث ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی۔ نواز شریف نے کہا کہ اگرہم نے عوام کیلئے کام کیا توان کو جمہوریت سے توقعات بڑھیں گی لیکن آل پارٹیز کانفرنس سرکاری اور نجی طور پر پہلے بھی ہوچکی ہیں اور ان کا کوئی فائدہ بھی نہیں ہو اتاہم اس مرتبہ مجھے امیدیں ہیں اورہم کوئی اچھا نتیجہ اخذ کر لیں گے۔