امریکی وزیر خارجہ کا یمن میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم

Mike Pompeo

Mike Pompeo

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یمن میں عرب اتحاد کی طرف سے جنگ بندی کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے حوثی باغیوں پر پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے ایلچی کی نگرانی میں حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع کریں۔

پومپیو نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ٹویٹ میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سعودی زیر قیادت اتحاد نے یمن میں یک طرفہ فائر بندی کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حوثیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یمن میں اقوام متحدہ کے مندوب کے ساتھ تعاون کریں جنہوں نے فریقین کے مابین فوری مذاکرات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی عوام مزید جنگ کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ تمام فریقین کو اس جنگ بندی کو مستقل بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

قبل ازیں امریکا نے حوثیوں پر زور دیا تھا کہ وہ یمن میں آئینی حکومت اور عرب اتحاد کی طرف سے اعلان کردہ جنگ بندی کے فیصلے کا مثبت جواب دے۔

یمن میں امریکی سفیر کرسٹوفر ہینزیل نے یمن میں جنگ بندی کے اعلان کی حمایت کرنے کے ساتھ اس کا خیر مقدم کیا ہے۔

امریکی سفیر نے یمن میں لڑائی ختم کرنے اور فریقین پر مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر تمام مسائل حل کرنے پر زور دیا۔