امریکی ایوان نمائندگان کی شام سے فوج واپس بلائے جانے کی شدید مذمت

US House of Representatives

US House of Representatives

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شمالی شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ گذشتہ روز ایوان میں شام سے امریکی فوج کی واپسی کے حوالے سے ایک قرار داد پر رائے شماری کی گئی جس میں ارکان کی اکثریت نے اس فیصلے کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔

کانگریس کے ایوان میں پیش کی گئی مشترکہ قرار داد کی یہ پہلی مذمت تھی۔ ناقدین نے ترک فوجوں کو شمالی شام پر حملہ کرنے اور کرد افواج کے خلاف آپریشن کی اجازت دینے پر صدر ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان نمائندگان شمال مشرقی شام میں شامی کرد فورسز کے خلاف ترکی کی فوجی کارروائیوں کو روکنے کے لیے امریکی کوششوں کو ختم کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتا ہے۔

قرارداد میں ترک صدر رجب طیب اردوآن سے خطے میں یک طرفہ فوجی کارروائی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد میں شام کی کرد برادری کے لیے امریکی انسانی ہمدردی کی حمایت پر زور دیا گیا۔

مذمتی قرارداد کی حمایت میں 354 ووٹ آئے جب کہ مخالفت میں صرف 60 وٹ ڈالے گئے۔

خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل ترکی نے شام میں موجود کرد تنظیم’وائی پی جی’ کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا۔ ترکی اس تنظیم کو دہشت گرد خیال کرتا ہے جبکہ ‘داعش’ کےخلاف جنگ میں کرد فورسز مغرب اور امریکا کی حلیف ہیں۔