امریکا، برطانیہ اور فرانس شام پر حملہ کرسکتے ہیں : یورپی سفارتکار

European diplomats

European diplomats

دمشق (جیوڈیسک) یورپی سفارتکاروں نے شام کے اپوزیشن رہنماں کو پیغام بھیجا ہے کہ امریکا، برطانیہ اور فرانس آئندہ چند روز میں حملہ کر سکتے ہیں۔ امریکی صدر براک اوباما نے ایک بار پھر برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے شام کے حوالے سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ شامی اپوزیشن کو یورپی سفارتکاروں نے پیغام بھیجا ہے کہ مغربی اتحادی آئندہ چند دنوں میں شام کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ادھر امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ صدر باراک اوباما کا حکم ملتے ہی امریکی افواج فوری کارروائی کے لیے تیار ہیں۔ چک ہیگل نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے دمشق کے نواح میں ہونے والا کیمیائی حملہ بشارالاسد کی حامی فورسز نے کیا۔ یہ معلومات اگلے چند روز میں جاری کر دی جائیں گی۔

دوسری جانب امریکی صدر دنیا بھر میں اپنے اتحادیوں سے فون پر رابطے کر رہے ہیں تا کہ شام کے خلاف ممکنہ کارروائی کے لئے عالمی رائے ہموار کی جائے۔ وائٹ ہاس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ صدر اوباما کی وزیر اعظم کیمرون کو دوسری کال تھی۔ دونوں رہنماں نے شامی حکومت کی جانب سے شہریوں پر کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کی مذمت کی۔