یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا رمضان میں اشیا کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

Utility stores

Utility stores

اسلام آباد (جیوڈیسک) یوٹی لٹی اسٹورز کارپوریشن نے رمضان المبارک کے دوران دو ہزار اشیا کی قیمتوں میں دس سے پندرہ فیصد تک کمی کا اعلان کیا ہے۔ رعایتی پیکیج پر عمل درآمد یکم رمضان المبارک سے شروع ہوگا۔ یوٹی لٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے رمضان المبارک میں تمام ضروری اشیا خوردنوش کی قیمتوں میں 10سے 15فیصد تک کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

سبسڈی کا اطلاق یکم رمضان سے ہوگا۔ رمضان پیکیج کے تحت چینی 47 روپے فی کلوگرام فروخت ہو گی۔گھی کی موجودہ قیمت 135 روپے فی کلو ہے۔ رمضان میں قیمت کم کرکے 120 روپے فی کلومقرر کی گئی ہے۔ کوکنگ آئل کی قیمت 157 سے کم کرکے 137 روپے، باسمتی چاول 90 روپے، بیسن 70 روپے کلو، سفید چنا 98،دال چنا 65 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ آٹے کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی کردی گئی ہے۔