وزٹ ویزا : زرضمانت وصول کرنے کی پالیسی کو حتمی شکل نہیں دی، برطانیہ

UK

UK

لندن (جیوڈیسک) برطانوی حکومت نے وضاحت کی ہے کہ وزٹ ویزے پر برطانیہ آنے والوں سے زرِ ضمانت وصول کرنے کی پالیسی کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔ برطانوی ذرائع کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ حکومت ایک نئی پالیسی تیار کررہی ہے جس کے تحت پاکستان سمیت بعض ممالک کے شہریوں کو وزٹ ویزے پر برطانیہ میں داخلے کے لئے تین ہزار پاونڈ زر ضمانت ادا کرنا ہو گا۔

اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ وہ یہ اسکیم آزمائشی بنیادوں پر شروع کرنا چاہتی ہے۔ اس کا مقصد امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پالیسی کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

پالیسی پر عمل کے لئے پاکستان کو آزمائشی ملک کے طور پر استعمال کرنے پر غور کیا جارہا ہے لیکن ابھی اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ ایسی کوئی بھی اسکیم صرف ان غیر ملکیوں کے لئے ہوگی جن کے بارے میں انتہائی خطرہ ہوگا کہ وہ برطانیہ میں غیر قانونی طور پر قیام کر سکتے ہیں۔ انہیں ان کے ممالک میں بھجوانے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔