جب تک امریکا کو خطرات ہیں ڈرون حملے بند نہیں ہونگے: جان کیری

John Kerry

John Kerry

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد امریکی وزیرخارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔ ڈرون حملے امریکا کو لاحق خطرات ختم ہونے کے بعد ہی بند ہونگے۔

ایک انٹرویو میں جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان سے مطالبات نہیں منوانا چاہتا۔ اوباما انتظامیہ مل کر کام کرنے کی خواہش مند ہے اور تعلقا ت کو وسعت دینا چاہتی ہے۔دونوں ممالک اسٹریٹجک تعلقات کے فروغ پر بھی متفق ہیں انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کو قانونی معاملہ قراردیا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا افغانستان سے مکمل انخلا نہیں کرے گا صرف فوج کی تعداد کم کی جائے گی۔

افغان عوام کو اپنے تحفظ کی ذمہ داری خود اٹھانی چاہیے انہیں آئندہ برس انتخابات میں اپنے مستقبل کا فیصلہ بھی کرنا ہے۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکا کو مذاکرات پر کوئی اعتراض نہیں تاہم طالبان نے دوحہ میں وعدہ خلافی کی۔امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا پاک بھارت تنازعات کے حل میں مدد دینے کو تیار ہے۔مسئلہ کشمیرکے حل میں مدد سے بھی خوشی ہوگی۔انہوں نے بھر پور استقبال پر پاکستان کا شکریہ بھی اداکیا۔