عالمی برادری حق خودرادیت دلوانے کے لیے کشمیریوں سے اپنا وعدہ پورا کرے، علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل یورپ (ای یو) علی رضا سید نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں سے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے کشمیر میں رائے شماری کرائے تاکہ کشمیری عوام اپنا حق خودارادیت استمال کر سکیں۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول آف کشمیر کے دونوں اطراف میں رہنے والے لوگ اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم کشمیری ہرسال پانچ جنوری کو یوم حق خودارادیت مناتے ہیں۔ یہ دن پانچ جنوری ۱۹۴۹ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس قرارداد کی یاد میں منایاجاتاہے جس کے تحت کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کیا گیا تھا۔

یوم حق خودارادیت پر اپنے ایک بیان میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے مزید کہاکہ عالمی برادری نے ستردہائی قبل کشمیریوں سے ان کا حق خودارادیت دلانے کا وعدہ کیا تھا اور اب اسے یہ وعدہ پورا کرنا چاہیے۔

علی رضا سید نے مسئلہ کشمیر پر پرامن مذاکرات کے عمل پر زور دیتے ہوئے اس عمل میں کشمیریوں کی شمولیت کو لازمی قرار دیا۔ انھوں نے کہاکہ کوئی مذاکرات کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتے۔

بھارتی رویہ کے بارے میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہاکہ بھارت مذاکرات میں کبھی بھی سنجیدہ نہیں ہوا، خاص طور پر وزیراعظم نریندرا مودی کی موجودہ بھارتی حکومت نے مذاکرات کی ہمیشہ نفی کی ہے۔ یہ حکومت صرف ظلم کرنا جانتی ہے جیسا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر مظلوم کشمیریوں کی نسل کشی بغیر کسی روکاوٹ کے جاری ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہا کہ مودی دور حکومت میں بھارتی فوجیوں کو بے گناہ کشمیری شہریوں کو ظالمانہ طریقے سے مارنے کے مزید اختیارات مل گئے ہیں۔ انتہائی سفاکانہ طریقے سے کشمیریوں کی نسل کشی ہورہی ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ ہم اس بربریت کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور کشمیریوں کو انصاف دلوانے کے لیے دنیا کے ہر فورم اور منصف کا دروازہ کھٹکٹائیں گے دنیا میں مقیم تمام کشمیریوں کو بھارتی کی ان سفاکانہ حرکات کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔

انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ آگے آئے اور کشمیریوں کی نسل کشی کو روکے اور بھارت پر دباو ڈالے تاکہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرے اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار ہو۔