دنیا میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار سے زائد، برطانیہ ہلاکتوں میں اٹلی سے بھی آگے

Coronavirus Patient

Coronavirus Patient

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) عالمگیر وبا کورونا سے اب تک دنیا بھر میں 37 لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 2 لاکھ 58 ہزار 300 سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ 72 ہزار سے زائد ہلاکتوں کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی ٹاسک فورس کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2350 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو گئے جب کہ ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 37 ہزار 633 تک پہنچ چکی ہے۔

ادھر برطانیہ یورپ میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کے اعتبار سے پہلے نمبر پر آگیا ہے جہاں اموات کی تعداد 29 ہزار 427 ہو گئی ہے جب کہ اٹلی جسے یورپ کا ووہان قرار دیا جا رہا تھا وہاں اموات کی تعداد 29 ہزار 315 ہے۔

اسپین اور فرانس میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد ساڑھے 25، 25 ہزار سے اوپر ہے جب کہ بزایل میں 7 ہزار 958 اور جرمنی میں 6 ہزار 993 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

روس میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور مسلسل چوتھے روز 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اب تک 1451 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 55 ہزار 953 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران میں عالمگیر وبا سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 6ہزار 340 جب کہ چین میں 4 ہزار 633اور کینیڈا میں 4 ہزار 43 اموات ریکارڈ ہو چکی ہیں۔

تائیوان میں کورونا وائرس کے باعث عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی کے بعد کھیلوں کی سرگرمیوں کا دوبارہ سے آغاز ہو گیا ہے، ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی آنے کے بعد بیس بال اور پہاڑ سر کرنے جیسے کھیلوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

فلپائن کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اب تک 658 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

فلپائن کی حکومت نے کورونا سے متاثرہ مریضوں کو اینٹی فلو ڈرگز دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ابتدائی طور پر 100 افراد کو اینٹی فلو ڈرگ دی جائے گی۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 لاکھ 27 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جس میں سے 2 لاکھ 58 ہزار 344 افراد ہلاک جب کہ 12 لاکھ 42 ہزار 400 سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔