دنیا کے 200 ممالک کا گلوبل وارمنگ 1.5 سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا عزم

Global Warming

Global Warming

گلاسگو (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی ماحولیاتی کانفرنس، کوپ 26 میں معاہدہ طے پا گیا ہے اور مندوبین نے گلوبل وارمنگ 1.5 سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

کوپ 26 معاہدے میں 200 ممالک نے حصہ لیا، کوئلے کا استعمال ختم یا مرحلہ وار کم کرنے کے الفاظ پر جاری تنازع بلآخر حل ہو گیا اور چین اور بھارت کے اعتراض پر کوئلے کے استعمال پر سخت زبان بدل دی گئی۔

امریکی مندوب جان کیری نے کہا کہ 20 برس میں چین کو کوئلے کا استعمال مرحلہ وار ختم کرنا ہو گا جبکہ چینی مندوب نے کہا کہ ڈیل تو ہو گئی مگر ترقی پزیر ممالک کی آواز زیادہ سنی نہیں گئی۔

معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کانفرنس کے سربراہ الوک شرما آبدیدہ ہو گئے اور شرکاء سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ کانفرنس کا اختتام اس انداز میں ہو۔

دوسری جانب سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کوپ 26 معاہدے کو ناکافی قرار دیدیا اور کہا کہ ہم اب بھی موسمیاتی تباہی کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔