یمن میں گیس تنصیبات پر حملے، 5 یمنی فوجی ہلاک

Yemen

Yemen

یمن (جیوڈیسک) میں القاعدہ نے گیس تنصیبات پر حملے کے دوران پانچ یمنی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق القاعدہ کے ہاتھوں فوجیوں کی ہلاکت کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکہ اور برطانیہ نے یمن میں اپنے سفارت خانے عارضی طور پر بند کر رکھے ہیں۔ یمن کے فوجی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایک موٹر کار میں بالحاف گیس تنصیبات کے قریب فوجی چیک پوسٹ پر پہنچے اور اچانک فائرنگ شروع کر دی۔

جس سے پانچ فوجی موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ فوجی ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پانچوں فوجیوں کا تعلق ایک ایسی یونٹ سے تھا جسے یمن کے صوبہ شابوا میں قائم بالحاف گیس ٹرمینل کی حفاظت پر مامور کیا گیا تھا۔ یہ گیس ٹرمینل فرانس کی ایک کمپنی ٹوٹل چلا رہی ہے۔ اس گیس ٹرمینل پر ہی یمن کی بیشتر گیس برآمد کا انحصار ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں اس گیس ٹرمینل کے لیے القاعدہ سے کسی قسم کے خطرے کی اطلاعات نہ تھیں۔ تاہم حکومتی ترجمان کے مطابق یہ تنصیبات القاعدہ کے اہداف میں شامل تھیں اور حکومت کو اس کا اندازہ تھا۔ القاعدہ نے یمن کے صوبہ حضر الموت میں کینیڈین کمپنی کے ذریعے چلائی جانے والی منا الدھابا آئل ٹرمینل کو بھی نشانہ بناتے ہوئے وہاں موجود غیر ملکی ماہرین سمیت عملے کو یر غمال بنا لیا ہے۔