سعودی ولی عہد کو بتا دیا کہ یمن جنگ کا پرامن حل چاہتے ہیں: فرانسیسی صدر

Emmanuel Macron

Emmanuel Macron

پیرس (جیوڈیسک) فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے کہا ہے کہ انہوں‌ نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان پر واضح کردیا ہے کہ یمن میں جاری جنگ کا پرامن حل سب سے اہم ہے اور ہم اس جنگ کا پرامن حل چاہتے ہیں۔

ارجنٹائن میں “جی 20” اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں فرانسیسی صدر نے کہا کہ پیرس یمن میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے پرامن کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گا۔ انہوں‌نے فریقین پر جنگ کے بجائے بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل پر زور دیا۔

ہفتے کے روز پیرس میں ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف ہونے والے احتجاج کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں‌نے کہا کہ ہم احتجاج کے دوران پرتشدد طریقے اختیار کرنے کو قبول نہیں کریں‌ گے۔

صدر میکروں‌نے کہا کہ کوئی بھی معاملہ ایسے احتجاج کی اجازت نہیں دیتا جس میں سیکیورٹی ادروں پر حملے، لوٹ مار، راہ گیروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے یا صحافیوں کو نشانہ بنانے جیسے حربے استعمال کیے جائیں۔

صدر کا کہنا تھا کہ عوام کو احتجاج کا حق ہے مگر پیرس میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ احتجاج نہیں بلکہ انارکی پھیلانے کی منظم کوشش ہے۔ پرتشدد احتجاج اور قومی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔