یونس خان اور اسد شفیق نے پاکستان کو مکمل تباہی سے بچا لیا

Younis Khan Asad Shafiq

Younis Khan Asad Shafiq

کیپ ٹاؤن(جیوڈیسک)کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کا پہلا روز یونس خان اور اسد شفیق کے نام رہا۔ دونوں نے سینچریاں بنا کر پاکستان کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ایک بار پھر ناکام ہوگئی۔

کیپ ٹاؤن میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے پانچ وکٹ پر دو سو تریپن رنز بنالیے تھے۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے۔ ناصر جمشید تین اور محمد حفیظ سترہ رنز بناکر آوٹ ہوئے تو اظہرعلی اور کپتان مصباح بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر تجربہ کار یونس خان اور نوجوان بیٹسمین اسد شفیق نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں دو سو انیس رنز بناکر ٹیم کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ یونس خان ایک سو گیارہ رنز بناکر کر آوٹ ہوئے لیکن اسد شفیق ایک سو گیارہ رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنی مورکل اور ورنن فلینڈر نے دو دو وکٹیں لیں۔