زہرہ شاہد کے قتل میں الطاف حسین براہ راست ملوث ہیں،عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور(جیوڈیسک) لاہور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پارٹی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کا ذمہ دار الطاف حسین کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ زہرہ شاہد کے قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔الطاف حسین سرعام ہمارے رہنماوں اور کارکنوں کو عوامی اجتماعات میں دھمکیاں دے چکے ہیں۔

برطانوی حکومت کو بھی اس قتل کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ برطانوی حکومت کو الطاف حسین کے خلاف کارروائی کا کہا تھا مگرہماری درخواست پر کچھ نہیں کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنما زہرہ شاہد کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔وہ پارٹی کی سینئر اور نظریاتی رہنما تھیں۔ان کے قتل سے شدید صدمہ پہنچا۔

ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی کہہ رہے تھے کہ کراچی میں ہمارے رہنماوں اور کارکنوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔ زہرہ شاہد کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے جبکہ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب خان کی جانب سے زہرہ شاہد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔