زکوة کی فرضیت اہمیت اور اہم مسائل

Zakat

Zakat

قَدْ اَفْلَحَ الْمُؤْمِنُوْنَ (١) الَّذِیْنَ ہُمْ فِیْ صَلااَاتِہِمْ خٰشِعُوْنَ (٢) وَ الَّذِیْنَ ہُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَ (٣) وَ الَّذِیْنَ ہُمْ لِلزَّکٰوةِ فٰعِلُوْنَ (٤)
حوالہ: قرآن مجید، سورہ مومنون، آیت نمبر 1تا 4۔

ترجمہ: ”بیشک کامیاب ہو گئے دین ِمصطفی کی تصدیق کرنے والے o جو اپنی نماز میں خشیت اختیار کرتے ہیں o اور وہ جو بیہودہ بات سے منہ پھیر نے والے ہیں o اور وہ جو زکوٰة ادا کرنے والے ہیں۔ (ترجمہ افضلیہ )
زکوٰة کا لغوی معنی ہے : ستھرا ہونا، پاک ہونا، عمدہ نشو ونما، خوشحال ہونا، بڑھنا، زیادہ ہونا، زمین کا زرخیز ہونا، ذکی وذہین ہونا، صالح ہونا وغیرھا۔
جبکہ شریعت اسلامیہ میں زکوٰةایک مالی عبادت ہے جو شرائط ِ وجوب پانے جانے پر فرض ہوتی ہے اورجسے مخصوص مصارف میں خرچ کرنا ضروری ہے۔ زکوٰة ٹیکس نہیں اگر حکومت وصول نہ بھی کرے یا مسلمان، غیر مسلم ملک میں رہتا ہو تو بھی زکوٰة کی ادائیگی فرض ہے۔
شرائط وجوب زکوٰة :
زکوٰة کے واجب ہونے کی دس شرطیں ہیں:
1۔ مسلمان ہونا
2۔ عاقل ہو نا یعنی پاگل ومجنون نہ ہو
3۔ بالغ ہونا
4۔ آزاد یعنی غلام نہ ہونا
5۔ بقدر نصابِ مال کا مالک ہونا
6۔ مال کا پورے طور پر مالک اور قابض ہونا
یاد رہے کہ چاندی کا نصاب: ساڑھے باون(52.50) تولہ ہے، سونے کا نصاب :ساڑھے(7.50) سات تولہ ہے، اونٹ کا پانچ، گائے اوربھینس کاتیس، بکری کا چالیس ہے جبکہ یہ جانور سال کا اکثر حصہ چر کر گزارتے ہوں۔ نیز مال تجارت چاہے کچھ بھی ہو، اس کا نصاب یہ ہے کہ اس کی قیمت ساڑھے باون ( 52.50)تولہ چاندی کے برابر ہو جائے۔7۔ حولان حول یعنی نصاب کا مالک ہونے کے بعد (مالک نصاب ہونے پر) پورا سال گزر جائے۔ اب سال گزرنے پر جو تاریخ ہو گی اس تاریخ کو وہ مال جس پر سال گزر گیا اور وہ مال جو دوران ِ سال حاصل ہوا، اس سب میں سے جو کچھ بچا ہوا ہے اس کا چالیسواں حصہ یعنی (1/40)کے حساب سے زکوٰة دینا فرض ہے۔

8۔ یہ مال قرض سے فارغ ہو یعنی حساب وکتاب میں فارغ کیا جائے اور اگر باقی بقدر نصاب یا زائد ہو تو زکوٰة فرض ہے۔
9۔ حاجت اصلیہ یعنی رہائش کا مکان، سواری، استعمال کے برتن (ماسوائے سونے اور چاندی کے برتنوں کے کہ اِن میں زکوٰة فرض ہے) استعمال والے کپڑے، اوزار اور علماء سکالرز محققین کی کتب مطالعہ وغیرھا سے فارغ ہو۔
10۔ مال کا نامی ہونا یعنی مال خِلقی یا عملی طور پر قابل تجارت ہو۔

زکوٰة کسے دی جاسکتی ہے:
”اِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرآئِ وَالْمَسَاکِیْنِ وَالْعَامِلِیْنَ عَلَیْھَا وَالْمُؤَلَّفَةِ قُلُوْبُھُمْ وَفِی الرِّقَابِ وَالْغَارِمِیْنَ وَ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ وَابْنِ السَّبِیْلِ فَرِیْضَةً مِّنَ اللّٰہِ وَاللّٰہُ عَلِیْم حَکِیْم۔”

حوالہ: قرآن مجید، پارہ 10، سورہ توبہ، آیت: 60۔
ترجمہ: ”صدقات (واجبہ)صرف ضرورتمندوں، ناداروں (زکوٰة کی وصول وتقسیم میں )کام کرنے والوں، جن کے دلوں کو اسلام سے مانوس کرنا ہے اور( غلاموں کی) گردنوں کے (چھوڑانے کے ) لئے اور اللہ کی راہ (یعنی مجاہدین اور دینی تعلیم حاصل کرنے والوں) میں اور مسافروں کیلئے۔ اللہ کی طرف سے فرض کیے ہوئے ہیں۔ اور اللہ بہت جاننے والا، بڑی حکمت والاہے۔”

زکوٰة کے مستحق صرف یہی لوگ ہیں:
1۔ فقرائ: فقیر کی جمع ہے، فقیر (محتاج) وہ ہے جو حاجت اصلیہ (گھر، سواری، لباس، استعمال کے برتن و بستر اور اوزارِ پیشہ) کے علاوہ کسی نصاب کا مالک نہ ہو۔ آج کل سب سے سستا نصاب ساڑھے 52 تولہ چاندی کا ہے۔

2۔ مساکین: مسکین کی جمع ہے۔ یعنی وہ نادار جس کے پاس دوسرے وقت کے کھانے کی طاقت بھی نہ ہو۔ 3۔ جو حکومت کی طرف سے زکوٰة اکٹھی کرنے پر مقرر ہو لیکن اگر سید (اولاد سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا) یا بنو ہاشم دیگرمیں سے ہو تو نہیں لے سکتا۔

4۔ مؤلفہ قلوب: جن کے دلوںکو اسلام یا مسلمانوں سے الفت دینا ہو۔ اس سے مراد نو مسلم ہیں یا جو اسلام کی طرف راغب ہوچکے یا پھر جو مسلم اقلیتی علاقوں میں ظالم کفار ہیں۔ نوٹ: دور صدیقی میں جب غلبہ اسلام ہوا تو صحابہ کرام نے اجماعی فیصلہ کیا کہ اب مؤلفہ قلوب کے علاوہ دیگر مصارف میں زکوٰة خرچ کی جائے۔

5۔ رقاب: سے مراد غلام اور باندیاں ہیں جن کو مالک نے مکاتب بنادیا = ہو یعنی ان سے طے پایا ہو کہ اتنی رقم لائو تو تم آزاد ہو۔ 6۔ غار مین: وہ مقروض جس نے گناہ کیلئے قرضہ نہیں لیا۔

7۔ فی سبیل اللّٰہ: سے مراد مجاہدین، ضرورت مند علماء دین، طلباء علم دین، اور نادار حاجی ہیں۔ 8۔ مسافر: جسے سفر میں خوراک، رہائش، دوائی، کرایہ وغیرہ کی ضرورت پڑ جائے۔ اور اس وقت حالت سفر میں اسکے پاس مال کی قدرت نہ ہو۔

خبردار:
مسجد، سادات، ہاشمی اور گلی، سڑک،قبروقبرستان ہسپتال کی عمارت، مدرسہ کی عمارت، سکول کی عمارت اور اپنے باپ دادا، اپنی ماں، اپنی اولاد یا اولاد کی اولاد، اپنی بیوی، اور اپنے شوہر پر زکوٰة خرچ کرنا جائز نہیں ہے۔ اگر کردی ہے تو دوبارہ زکوٰة ادا کرے۔ البتہ بہن بھائی اگر مستحق ہوں تو ان پر زکوٰة صرف کرنا نہ صرف جائز بلکہ مستحب ہے۔

ذکوٰة کے چند ضروری مسائل:
صدقہ فطر کی طرح زکوٰة بھی فرض ہونے کی تاریخ سے پہلے ضرورتمندوں کو دینا جائز ہے البتہ ادائیگی بلا تاخیر لازم ہے۔ متقی پرہیز گار اور اہل علم وطلبہ علم دین کو زکوة دینا زیادہ بہتر اور صدقہ جاریہ ہے۔ رہن وگروی رکھی ہوئی چیز مثلاً زیور وغیر ہ کی زکوٰة راہن، مرتہن دونوں پر فرض نہیں۔ زکوٰة کی نیت دل میں ہونا لازم ہے ہاں ضرورتمند اور رشتہ دار کو ہدیہ کہہ کر بھی دے سکتا ہے۔

Islam

Islam

یاد رہے کہ اس دور میں مستحق علماء اور طلبہ دین پر زکوٰة خرچ کرنا سب سے افضل بلکہ ضروری ہے کیوں کہ ماہر علماء کی کمی کی وجہ سے مساجد، مدارس، خانقاہوں اور دیگر مراکز اسلام میں دینی تعلیم و تربیت کی شدید کمی ہے بلکہ بیشمار مسجدیں اور مراکز مستند دین علماء نہ ہونے کی وجہ سے غیر آباد ہیں۔
زکوٰة کی فرضیت واہمیت

اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
”خُذْ مِنْ اَمْوَالِہِمْ صَدَقَةً تُطَہِّرُہُمْ وَتُزَکِّیْہِمْ بِہَا وَصَلِّ عَلَیْہِم اِنَّ صَلوٰتَک سَکَن لَّہُمْ واللّٰہُ سَمِیْع عَلِیْم ”
ترجمہ: ”اے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! ان کے مالوں میں سے صدقہ وصول کرو، اس کی وجہ سے انہیں خوب پاک وخوب ستھرا کردو، اور ان کے حق میں دعائے خیر کرو، بیشک آپ کی دعا انکے دلوں کا چین ہے، اور اللہ سنتا جانتا ہے۔”

حوالہ: قرآن مجید، سورہ توبہ، آیت نمبر 103۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد جب سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ خلیفہ کے منصب پر فائز ہوئے اس وقت عرب میں کچھ لوگ کافر ہوگئے (کیونکہ زکوة کی فرضیت سے انکار کر بیٹھے)۔ چنانچہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اُن کیخلاف جہاد کا حکم جاری فرمایا تو فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے کہا: ”آپ اُن سے قتال کیوں کرتے ہیں جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تو یہ فرمایا ہے : مجھے حکم ہے کہ لوگوں سے لڑوں یہاںتک کہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ کہیں اورجس نے لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ کہہ لیا س نے اپنی جان اور مال بچا لیا مگر حق اسلام میں اس کا حساب اللہ کے ذمہ ہے (یعنی یہ لوگ تو لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ کہنے والے ہیں اُن پر کیسے جہاد کیا جائیگا)۔”

صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
”خدا کی قسم میں اس سے جہاد کرونگا جو نماز وزکوة میں تفریق کریگا (کہ نماز کو فرض مانے اور زکوة کی فرضیت سے انکار کرے )، زکوة حق المال ہے اللہ کی قسم ! بکری کا بچہ جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس حاضر کرتے تھے اگر مجھے دینے سے انکار کرینگے تو اس پر اُن سے جہاد کرونگا۔”

فاروق اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : اللہ کی قسم! میں نے دیکھا کہ اللہ نے صدیق اکبررضی اللہ عنہ کیلئے حق واضح فرمادیا، اُس وقت میں نے بھی پہچا ن لیا کہ وہی حق ہے۔ حوالہ: صحیح بخاری ،کتاب الاعتصام ،باب الاقتداء بسنن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حدیث : 7284۔

نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
”بُنِیَ الْاِسْلَامُ عَلٰی خَمْسٍ شَہَادَةِ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اَنَّ مُحَمَّداً رَّسُوْل اللّٰہ وَاِقَامِ الصَّلٰوةِ وَاِیْتَآئِ الزَّکَاةِ وَالْحَجِّ وَ صَوْمِ رَمَضَان۔”
ترجمہ: ” اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر رکھی گئی ہے۔ گواہی دینا کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور بے شک محمد ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) اس کے رسول ہیں اور نماز قائم کرنا اور زکوٰة دینا اور حج (عمر میں ایک بار)کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔”

حوالہ: صحیح مسلم ، باب بیان ارکان الاسلام۔
حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: زکوة اسلام کا پُل ہے۔
حوالہ: معجم اوسط، باب المیم، حدیث نمبر 8937

حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : کہ ہمیں یہ حکم دیا گیا کہ ہم نماز پڑھیں اور زکوة دیں اورجو زکوة نہ دے اس کی نماز بھی قبول نہیں۔

حوالہ: طبرانی شریف۔
حضرت عمارہ بن حزم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

” اللہ تعالیٰ نے اسلام میں چار چیزیں فرض کی ہیں جو استطاعت کے باوجود ان میں سے ایک بھی چھوڑے اور تین ادا کرے تو وہ اسے کچھ کام نہ دیں گی جب تک پوری چاروں ادا نہ کرے۔ وہ چار چیزیں یہ ہیں : نماز، زکوٰة ، ماہِ رمضان کے روزے، اور حج بیت اللہ۔”
حوالہ: مسند امام احمد
فضائل وفوائد

ارشاد باری تعالیٰ ہے:
مَثَلُ الَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَہُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ کَمَثَلِ حَبَّةٍ اَنْبَتَتْ سَبْعَ سَنَابِلَ فِیْ کُلِّ سُنْبُلَةٍ مِّائَةُ حَبَّةٍ وَاللّٰہُ یُضٰعِفُ لِمَنْ یَّشَآئُ وَاللّٰہُ وَاسِع” عَلِیْم”o اَلَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَھُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ ثُمَّ لَا یُتْبِعُوْنَ مَآ اَنْفَقُوْا مَنًّا وَّلَآ اَذًی لَّہُمْ اَجْرُھُمْ عِنْدَ رَبِّھِمْ وَلَا خَوْف” عَلَیْھِمْ وَلَا ھُمْ یَحْزَنُوْنَ o قَوْل” مَّعْرُوْف” وَّمَغْفِرَة” خَیْر” مِّنْ صَدَقَةٍ یَّتْبَعُھَآ اَذًی وَاللّٰہُ غَنِیّ” حَلِیْم” 0

حوالہ: قرآن مجید، سورہ بقرہ،
261,262,263)
ترجمہ: ”جو لوگ اپنے مال اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں اُن کی مثال اس دانہ کی طرح ہے جو سات خوشے اُگائے ہر خوشے میں سودانے ہیں اور اللہ جس کیلئے چاہے زیادہ بڑھا دے اور اللہ بڑی دسعت والا بڑے علم والا ہے۔ جو لوگ اللہ کی راہ میں اپنے مال خرچ کرتے ہیں پھر خرچ کرنے کے بعد نہ احسان جتاتے ہیں، نہ ایذا پہنچاتے ہیں اُ ن کے لئے اُن کا ثواب اُن کے رب کے حضور ہے اور نہ اُن پر کچھ خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ اچھی بات اورمعاف کردینا اس صدقہ سے بہتر ہے جس کے بعدایذا رسائی ہو اور اللہ بے نیاز بڑے حلم والا ہے۔”

اسی طرح سورہ بقرہ کے شروع میں فرمایا:
”وَ مِمَّا رَزَقْنٰہُمْ یُنْفِقُوْنَ۔”
ترجمہ: اور متقی وہ ہیں کہ ہم نے جو انہیں دیا ہے اُس میں سے ہماری راہ میں خرچ کرتے ہیں۔” حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جو مجھے چھ چیزوں کی ضمانت دے ،میں اُس کیلئے جنت کا ضامن ہوں۔ میں نے عرض کیا : یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہ کیا ہیں؟ فرمایا : نماز ،زکوة ، امانت، شرمگاہ ، پیٹ اور زبان۔

حوالہ: معجم اوسط ، باب الفا، حدیث:4925۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے فرماتے ہیں :کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مجھے فرمایا: اپنے مال کی زکوة دے کہ وہ پاک کرنے والی ہے تجھے پاک کر دے گی اور رشتہ داروں سے اچھا سلوک کر اور مسکین اورپڑوسی اور سائل کا حق پہچان۔

حوالہ: مسند امام احمد۔
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جس نے اپنے مال کی زکوة ادا کر دی بے شک نے اس سے شر کو دور کردیا۔

حوالہ؛ معجم اوسط، باب الالف من اسمہ احمد۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ زکوة ادا کرکے اپنے مال کو مضبوط قلعہ میں محفوظ کر لو اور اپنے بیماروں کا علاج صدقہ سے کرو اور مصیبت نازل ہونے پر دعا وعاجزی سے مدد حاصل کرو۔”
حوالہ: مراسیل ابی دائود مع سنن ابی دائود، صفحہ 8

زکوٰة نہ دینے کے نقصانات:
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
”وَ الَّذِیْنَ یَکْنِزُوْنَ الذَّہَبَ وَالْفِضَّةَ وَلاَیُنْفِقُوْنَہَا فِیْ سَبِیْلِ اﷲ فَبَشِّرْہُمْ بِعَذَابٍ اَلِیْمٍ (٤٣) یَوْمَ یُحْمٰی عَلَیْہَا فِیْ نَارِ جَہَنَّمَ فَتُکْوٰی بِہَا جِبَاہُہُمْ وَجُنُوْبُہُمْ وَظُہُوْرُہُمْ ہٰذَا مَاکَنَزْتُمْ لاَانْفُسِکُمْ فَذُوْقُوْا مَاکُنْتُمْ تَکْنِزُوْن۔”
ترجمہ: ”جو لوگ سونا اور چاندی جمع کرتے اور اُسے اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے ہیں انھیں دردناک عذاب کی بشارت سنادو۔ وہ (سونا چاندی) آتش جہنم میں تپایا جایاگا اور اُس سے اُن کی پیشانیاں اور کروٹیں اور پشتیں داغی جائیں گی۔(اور اُ ن سے کہا جائے گا)یہ وہ ہے جو مال تم جمع کرتے تھے اس کا مزہ چکھو۔”

حوالہ: قرآن مجید، سورہ توبہ، آیت 34,35۔
حضرت ابوہریر ہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں : ” جس کو اللہ تعالیٰ مال دے اور وہ اُس کی زکوٰة ادا نہ کرے تو قیامت کے دن وہ مال گنجے سانپ کی صورت میں کردیا جائیگا۔جس ک سر پر دو چتّیاں ہونگی وہ سانپ اُ سکے گلے میں طوق بنا کر ڈال دیا جائیگا پھر اس کے دونوں جبڑوں کو پکڑے گااور کہے گا : میں تیرا مال ہوں میں تیرا مال ہوں۔”

حوالہ: صحیح بخاری، کتاب الزکوٰة، باب اثم مانع الزکاة، حدیث نمبر 1403۔
نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”جو قوم زکوة نہ دے گی اللہ اسے قحط میں مبتلا فرمائے گا۔”

حوالہ: معجم اوسط ، حدیث٤٥٧٧۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب لوگ زکوة کی ادائیگی چھوڑ دیتے ہیں تو اللہ بارش کو روک دیتا ہے اگر زمین پر چوپائے موجود نہ ہوتے تو آسمان سے پانی کا قطرہ بھی نہ گرتا۔
حوالہ: سنن ابن ماجہ، کتاب الفتن، حدیث: ٤٠١٩۔
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں کہ زکوة نہ دینے والے پر رسول اللہ ۖ نے لعنت فرمائی ہے۔
حوالہ؛ صحیح ابن خزیمہ، کتاب الزکوة، حدیث :225
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ : زکوة ادا نہ کرنے والا دوزخ میں جائے گا۔

حوالہ: مجمع الزوائد، کتاب الزکوة، حدیث: ٤٣٣٧۔
امیر المومنین علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: فقیر ہر گز ننگے بھوکے ہونے کی تکلیف نہ اٹھائیں گے مگر مال داروں کے ہاتھوں، سن لو ایسے تونگروں سے اللہ تعالیٰ سخت حساب لے گااور انھیں دردناک عذاب دیگا۔
حوالہ: الترغیب والترھیب کتاب الصدقات حدیث 5۔

عشر:
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
” وَ ٰاتُوْا حَقَّہ یَوْمَ حَصَادِہ۔”
ترجمہ: ”اور تم زمین کی پیداوار کا حق کٹائی کے روز ادا کرو۔”
حوالہ: قرآن مجید، سورہ انعام، آیت نمبر 141۔
نیز ارشاد نبوی ہے کہ زمین جو کچھ بھی پیدا کرے اس میں عشر ہے۔ اس حدیث مبارک کی بنیاد پر امام اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کے نزدیک عشر کے لئے کوئی نصاب نہیں، زمین کی پیدا وار کم ہو یا زیادہ اس میں عشر فرض ہے۔
عشر پیدا وار کادسواں حصہ ہے جب زمین کا پانی قیمت اور محنت کے بغیر ہو اور اگر زمین کے پانی پر پیسہ خرچ کیا ہو یا محنت سے زمین کو سیراب کیا ہو تو عشر نصف ہو جائیگا یعنی پیداوار کا بیسواں حصہ۔
عشر انہیں ہی دیا جائیگا جنہیں زکوٰة دی جاتی ہے۔ ہاں! شرائط وجوب وہ نہیں جو زکوة کے ہیں بلکہ نا بالغ یا مجنون کی زمین کی پیداوار میں بھی عشر واجب ہے۔

ٹھیکہ میں زمین لینے والے پر عشر واجب ہے نہ کہ مالک پر۔ مزارعت یعنی حصہ پر دی ہوئی زمین کی پیدوار کا عشر مالک اورمزارع دونوں پر بقدر حصہ واجب ہے۔ عشری زمین مسلمان کو عاریة کچھ مدت کیلئے دی تو عشر کاشتکار پر ہے نہ کہ مالک پر اور اگر کافر کو عاریة دی تو عشر مالک پر واجب ہے۔

Peer Mohammad Usman Afzal Qadri

Peer Mohammad Usman Afzal Qadri

تحریر: استاذ العلماء حضرت پیر محمد افضل قادری