سپریم کورٹ پاکستان : (جیو ڈیسک)حج کرپشن کیس میں سپریم کورٹ نے تفتیشی افسر حسین اصغر کو برخاست کرکے نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کیس میں وزرا بھی ملوث ہیں۔حج کرپشن کیس کی سماعت میں ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حسین اصغر کے رپورٹ نہ کرنے پر ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کیلئے انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عدالت کے وقار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، حسین اصغر کو نوکری سے برخاست کرکے نوٹیفکشن عدالت میں پیش کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کیس میں وفاقی وزرا بھی ملوث ہیں۔
جسٹس خلجی عارف نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ حسین اصغر احکامات نہیں مانتے تو کیا آپ بے بس ہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا ایک شخص عدالت یا اتھارٹی کا حکم نہیں مانتا، اس کی تنخواہ اور مراعات کیوں نہیں روکی جاتیں۔ سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس میں اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا۔