لاہور : صحافی سلیم شہزاد قتل کیس، موبائل ریکارڈ پیش کر دیا گیا

Saleem Shezad

Saleem Shezad

لاہور: صحافی سلیم شہزاد کے قتل کے تحقیقاتی کمیشن کے روبرو سلیم شہزاد کے موبائل کا ریکارڈ پیش کر دیا گیا جبکہ ای میل کو تا حال ڈی کوڈ نہ کیا جا سکا۔ جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منعقد ہوا۔ کمیشن کے روبرو اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور صحافی علی دایان نے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے اور سلیم شہزا کی جانب سے بھجی گئی ای میلز کا ریکارڈ پیش کیا جن میں سلیم شہزاد نے قتل کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
کمیش کے روبرو سلیم شہزاد کے موبائل کا ریکارڈ پیش کیا گیا تاہم ان کے ای میل کو ڈی کوڈ نہ کیے جانے کے سبب ریکارڈ پیش نہ کیا جاسکا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سلیم شہزاد کی بیوہ کو عدت پوری ہونے کے بعد بیان کے لیے کمیشن کے روبرو طلب کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد کمیشن کے رکن پی ایف یو جے کے صدر پرویز شوکت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کمیشن آزادانہ کام کر رہا ہے اس پر کسی قسم کو دباو نہیں امید ہے سلیم شہزاد کے قاتل انجام کو پہنچیں گے۔