آئی سی سی کے نئے چیف ایگزیکٹو کیلئے کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہوگا

ICC

ICC

ممبئی: (جیو ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے چیف ایگزیکٹیو کے انتخاب کیلئے کمیٹی کا اجلاس اتوارکو ممبئی میں ہوگا۔ آئی سی سی کے موجودہ چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ کے عہدے کی مدت جون میں ختم ہو جائے گی۔ نئے چیف ایگزیکٹیو کی تلاش کا کام ایک پرائیوٹ کمپنی کو سونپا گیا تھا جس نے چار امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ کولیئر اور آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ ڈیوڈ رچرڈسن بھی شامل ہیں۔ شرد پوار کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی اتوار کو ممبئی میں امیدواروں سے انٹرویو کرے گی۔

نامزدگی کمیٹی میں آئی سی سی کے نائب صدر ایلن ایزاک، ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر جولین ہنٹ، کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے چیئرمین کیتھ اولیور سمیت آخری وقت لمحات میں کمیٹی کا حصہ بننے والے ای سی بی اور بی سی سی آئی کے سربراہ جائلز کلارک اور این سری نواسن شامل ہیں۔ ڈیوڈ کولئیرکو اس پوسٹ کیلئے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ کمیٹی ایک نام منتخب کرکے اسے منظوری کیلئے ایگزیکٹیو بورڈ کو بھجوائے گی۔