آج ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ نواز شریف

nawaz sharif

nawaz sharif

مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہے، مائیک مولن کو لکھے گئے خط کا معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس پرکمیٹی بنائی جائے، بائیس نومبر کو شاہ محمود قریشی سے ملاقات کروں گا اور خواہش ہے کہ وہ مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ نے کبھی قومی سلامتی اور ملکی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا تاہم دو مئی کے واقعہ کو گزرے سات ماہ سے زاہد وقت گزرنے کے باوجود تاحال کوئی تحقیقاتی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ مولن کو لکھے گئے خط کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی بنائی جائے جس میں عدلیہ اور سول سوسائٹی کو بھی نمائندگی دی جائے جو دس یا پندرہ دنوں کے اندر ایسی رپورٹ مرتب کرے کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے اور اگر حکومت ایسا نہیں کرتی تواس کا مطلب یہ ہے دال میں کچھ کالا ہے۔
نواز شریف نے واضح کیا کہ وہ کسی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے ، آج ملک کو جو مسائل درپیش ہیں وہ غیر قانونی اقدامات ہی کے باعث ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ حالات بھی وہی خفیہ ہاتھ خراب کر رہے ہیں جنہوں نے مشرقی پاکستان تو ڑا، جو اسمبلیاں توڑتیرہے تاہم اب انہیں اپنا کھیل بند کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اتوار کو فیصل آباد ضرور جائیں گے، شاہ محمود قریشی سے بات چیت وہیں سے شروع ہو گی جہاں سے ختم ہوئی تھی۔