آمد مصطفےٰ صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم سے کفر و شرک کا دور ختم ہوا : پیر محمد تبسم بشیر اویسی

ظفروال (جی پی آئی)آمد مصطفےٰ صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم سے کفر و شرک کا دور ختم ہوا ۔بت پرستی اور مظاہر پرستی سے انسانیت بیزار ہوئی ۔ انسانوں ،جانوروں اور نباتات تک کو حقوق میسر آئے ۔نفرت اور دشمنی کی جگہ محبت اور اخوت نے لے لی۔میلاد النبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم حقیقت میں انسانی عروج کا باعث بنی ۔

آج کے دور میں والدین کا احترام نا پید ،عورت کا وقار مجروح،بہن و بیٹی کی عزت پامال اور رشتوں میں نفاق عام ہوتا جا رہا ہے ۔نبی رحمت صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کے میلاد کی برکت سے امیر و غریب اور اونچ نیچ کے تصور کا خاتمہ ہوا ۔آج صوبائی ،لسانی ،رنگ و نسل کا تعصب زمانہ جاہلیت کی یادیں تازہ کرتا ہے۔ جشن میلاد النبی پر ہمیں ایک قوم ،ایک ملت اور ایک وطن کے تصورکو اجاگر کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے جامع مسجد باب الجنت ٹھیٹھر میں جشن عید میلاد النبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس کی صدارت امیر چادراوڑھ تحریک ضلع نارووال علامہ طاہر حسین مجددی نے کی جبکہ مہمانان خصوصی چیف ایگزیکٹو ادارہ تاجدار یمن پاکستان محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ ، چوہدری غلام رسول ،حاجی محمد شریف اور معززین علاقہ تھے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مرکزی جماعت اہلسنت ضلع نارووال قاری ناظم حسین چشتی ،علامہ مفتی نصیر القادری ،علامہ سید دلدار حسین شاہ ،مولانا محمد اعظم عطاری اور قاری محمد ادریس نے کہا محافل میلاد النبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کا انعقاد برکتوں کا ذریعہ ہے ۔پاکستان میں دہشت گردی اور فرقہ واریت اسلام دشمنی ہے ۔پیغمبر امن حضرت محمد مصطفےٰ صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی ولادت عالمی امن کی نوید ہے۔

غلبہ اسلام کے لئے مسلمانوں کو تمام تر فروعی اختلافات ختم کر کے ذات نبویصلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم پر متفق ہونا ضروری ہے ۔کانفرنس سے قاری محمد صابر رضوی ، علامہ حافظ خالد محمود ،محمد جاوید اقبال قادری، قاری محمد خالد تبسم ،صاحبزادہ محمد عاصم بشیر اویسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔