اختر مینگل کی باتیں نامناسب ہیں: وفاقی وزیر مذہبی امور

khursheed shah

khursheed shah

سکھر(جیوڈیسک)وفاقی وزیر مذہبی امور خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اختر مینگل ایسی باتیں نہ کریں ان کی باتیں نامناسب ہیں۔ آئین میں ترامیم کرکے صوبوں کو تمام اختیارات دیے۔ میاں صاحب بتائیں کہ بلوچستان کے لیے ہم اور کیا کریں۔

سکھر میں ہیپاٹائیٹس کے ٹیسٹ کے لئے قائم کی جانے والی پی سی آر لیبارٹری کے افتتاح کے موقعے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اختر مینگل کی باتیں نا مناسب ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ خوش رہیں اور وہ اپنے ملک میں خوش رہ سکتے ہیں مگر غیروں کے پاس جا کر خوش نہیں رہ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سینئر سیاستدان ہیں مگر سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ اس طرح کے بیانات کیوں دیتے ہیں۔ اس طرح کے بیانات سے انکو انتخابات میں کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔

وہ یہ بتائیں کہ وہ اپنے مینڈیٹ پر چل رہے ہیں یا سندھ نیشنل فرنٹ کے اگر وہ سندھ نیشنل فرنٹ کے مینڈیٹ پر چل رہے ہیں اور اختر مینگل کے بیان کے بعد اس طرح کا بیان دینے کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ میاں صاحب نے فرنٹ میں شمولیت اختیار کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانایا نہ کرانا اب الیکشن کمیشن پر منحصر ک ہے کیونکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تمام انتخابات کے اختیارات الیکشن کمیشن کو دیے جا چکے ہیں اب اگر الیکشن کمیشن بلدیاتی اور جنرل انتخابات کراسکتی ہے تو ہمیں کوئی بھی اعتراز نہیں۔