ازرینکا آسٹریلین اوپن کی فاتح

victoria azarenka

victoria azarenka

بیلاروس کی وکٹوریہ ازرینکا نے روس کی ماریہ شراپووا کو ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر آسٹریلین اوپن گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کا فائنل جیت لیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ ازرینکا نے کوئی گرینڈ سلام ٹینس مقابلہ جیتا ہے اور اس فتح کے نیتجے میں اب وہ دنیائے ٹینس میں عالمی نمبر ایک خاتون کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔اس فتح سے قبل ازرینکا عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر تھیں۔میلبرن کے راڈ لیور ایرینا میں سنیچر کو ایک گھنٹہ اور بائیس منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ازرینکا نے چھ تین اور چھ صفر کے سکور سے فتح حاصل کی۔تین مرتبہ گرینڈ سلام مقابلوں کی فاتح رہ چکی شراپووا کے پاس ازرینکا کے عمدہ کھیل کا کوئی جواب نہ تھا۔میچ کے بعد شراپووا نے تسلیم کیا کہ اس میچ میں وہ اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کر سکیں۔یہ دو ہزار نو کے آسٹریلین اوپن کے بعد پہلا موقع ہے کہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی کا تعین کسی گرینڈ سلام فائنل کے بعد ہوا ہے۔سیمی فائنل مقابلوں میں ازرینکا نے بیلجیئم کی کِم کلائسٹرز کو جبکہ ماریہ شراپووا نے ومبلڈن چیمپئین پیٹرا کوویٹوا کو شکست دی تھی۔