اسلام آباد : حملوں میں 9 پولیو ورکرز جاں بحق ہوئے : حکومت

Polio Workers Killed

Polio Workers Killed

اسلام آباد(جیوڈیسک) وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پولیو ٹیموں پر حملوں سے متعلق تحریک التوا کا جواب سینیٹ میں جمع کرا دیا۔ وزارت نے بتایا ہے کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران کراچی اور خیبر پختونخوا میں 9 پولیو ورکرز جاں بحق ہوئے۔ آئندہ صوبائی حکومتیں سیکیورٹی فراہم کریں۔

جمعیت علما اسلام کے سینیٹر طلحہ محمود کی جانب سے تحریک التوا کے جواب میں وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بتایا کہ 17 دسمبر سے صرف 104 اضلاح میں خصوصی انسداد پولیو مہم کی گئی۔ 44 ہزار 780 پولیو ٹیموں کو ایک کروڑ 86 لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف سونپا گیا۔

مہم کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کراچی میں 5 اور خیبرپختونخوا میں 4 پولیو ورکرز جاں بحق ہوئے۔ حملوں کی وجہ سے کچھ علاقوں میں پولیو مہم ملتوی کی گئی جبکہ یونیسف اور عالمی ادارہ صحت نے اپنے ورکرز کو فیلڈ میں جانے سے روک دیا۔

وزارت نے ایوان کو بتایا کہ سندھ حکومت نے جان بحق افراد کے لواحقین کیلئے 5، 5 لاکھ اور خیبر پختونخوا میں 3،3 لاکھ دینے کا اعلان کیا۔