اضلاع کی خبریں Jan 30, 2013

انسانی حقوق کمیٹی نے یوسف بیگ مرزا کے خلاف ریفرنس اسلامی نظریاتی کونسل بھجوا دیا:کشمالہ طارق
اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کی سیکریٹری اطلاعات و ممبر قومی اسمبلی کشمالہ طارق نے قومی اسمبلی برائے انسانی حقوق کی اجلاس جو چئیرمین ریاض فتیانہ کی سربراہی میں منعقد ہوا اور جو عائشہ ثناء کی اولاد کے لیے وراثتی حق دلوانے کے حوالے سے تھا، کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ آج کے اجلاس میں یوسف بیگ مرزا کو بلایا گیا تھا لیکن وہ آج بھی نہیں آرہے تھے جس پرکمیٹی کے ارکان نے کہا کہ ان کو فوری بلا یا جائے جس پر سابق وفاقی وزیر ممتاز گیلانی نے یوسف بیگ مرزا کو فون کرکے متنبہ کیا کہ اگر آپ اجلاس میں نہیں آئینگے تو وہ استعفی دے دینگے جس پر وہ اجلاس میں شرکت کے لیے آ گئے اور ان کیمرہ اجلاس شروع ہو گیا۔ ان کیمرہ اجلاس سے پہلے کشمالہ طارق نے ریاض فتیانہ کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب تمام ارکان نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا تھا کہ عائشہ ثناء کے دستاویزات اسلامی نظریاتی کونسل بھجوائے جائے تو وہ کیوں نہیں بھجوائی گئی۔کشمالہ طارق نے ریاض فتیانہ کو کہا کہ آپ نے عائشہ ثناء کو کیوں کہا تھا کہ کمیٹی میں اس کا کوئی حل نہیں نکلنا اور وہ باہر عائشہ ثناء اور یوسف بیگ مرزاکی صلح کروا دینگے۔ یوسف بیگ مرزا نے اجلاس میں اپنا مئو قف دیتے ہوئے کہا کہ عائشہ ثناء اور ان کا مسئلہ کورٹ میں چل رہا ہے جس پر کمیٹی ارکان نے قومی اسمبلی کی رولز ریگولیشن کا حوالہ دیتا ہوئے کہا کہ کوئی بھی چیز کمیٹی کی کاروائی نہیں روک سکتی ۔کشما لہ طارق نے کہا کہ اگر یوسف بیگ مرزااپنی طلاق شدہ بیوی جمیلہ کے ساتھ رہ رہا ہے تو اس پر حد کا قانون لاگو ہونا چاہیے اور اگر وہ عائشہ ثناء کی کردار کشی کر رہا ہے تو اس پر قذف کا قانون بھی لگنا چاہیے اگر دونوں ثابت ہوتے ہیں تو ان پر دونوں قوانین لاگو ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اسلامی قوانین ہیں اور پارلیمنٹ نے بھی شرعی طور پر اس کو نافذ کیا ہے تو اس پر عمل درآمد لازمی ہونی چاہیے تاکہ معاشرے میں جو کالی بھیڑیں ہیں ان کو سزا دی جا سکے اور خواتین کے حقوق کی پامالی کو روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ عائشہ اس قوم کی بیٹی ہے اور پاکستان کی 52%خواتین ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اور معاشرہ اس کی ہر گز اجازت نہیں دیتا کہ مرد عیاشی کرکے عورتوں کو رسوا کردیں اور چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں 23 سالہ طالبہ کے ساتھ جو ہوا اور بھارتی خواتین نے جس طرح اس کے خلاف آواز اٹھائی آئندہ کے لیے ایسا نہیں ہوگا اسی طرح پاکستانی خواتین کو بھی اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانی چاہیے تاکہ عورتوں کے حقوق کی پامالی کو روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عائشہ ایک پڑھی لکھی لڑکی کے ساتھ ایسا سلوک ہو رہا ہے تو معاشرے کی باقی خواتین کا کیا حال ہوگا اور ہم ان کو حقوق دلوانے کے لیے ہر پلیٹ فارم پر جائینگے۔ عطیہ عنایت اللہ نے کہا کہ عائشہ ثناء کے کیس کو ایک ٹیسٹ کیس بنانا چاہیے تاکہ آئندہ عورتوں کی اس طرح پاما لی نہ ہو۔کمیٹی نے یوسف بیگ مرزا کے خلاف ریفرنس اسلامی نظریاتی کونسل بھجوا دیا اور جمعرات کو 12بجے اجلاس میں دوبارہ بلایا گیا ہے کہ ان کے پاس اگر عائشہ ثناء کے خلاف کوئی دستاویزات ہیں تو وہ فراہم کرے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آئین پاکستان کو بے دست و پا کر دیا گیا:سید ساجد علی نقوی
راولپنڈی(جی پی آئی)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ آئین پاکستان کو بے دست و پا کردیاگیا، ملک میں انارکی و افراتفری کی صورتحال ، عوام کے تحفظ میں ریاست اور آئین ناکام ہوچکے ، ملک میں قاتلوں کو سزائیں نہیں دی جارہی ہیں جبکہ ذمہ دار قاتلوں کے عملاً پشت پناہ دکھائی دے رہے ہیں، ریاست کے اندر ریاست قائم ہے اور عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کی اجازت تک نہیں ہے ، ایسا لگتاہے کہ آئین اور ریاست سب سے کمزور چیز کا روپ دھار گئی ہیں ۔پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا آج سر زمین پاک کی حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اداروں میں ٹکرائوجیسی صورتحال اور گزشتہ روز اٹارنی جنرل کے عدالت عظمیٰ میں بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں بار بار یہ کہا جارہاہے ہے کہ ادارے اپنی حدود میں رہیں جوانتہائی مبہم بات ہے جس سے آئین کی ناتوانی کا اظہار ہوتاہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ملک کے اندر صحیح معنوں میں آئین کو نافذ ہی نہیں ہونے دیا گیا جبکہ آئین پامال ہوتا رہا اور کوئی اقدام تک نہیں اٹھایا گیا جن لوگوں نے آئین کو اپنے راستے کا کانٹا سمجھا انہوںنے اس کو ایک طرف رکھ دیا۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اب بھی آئین کی اکثر دفعات ایسی ہیں جو تشنئہ عمل ہیں اور ان دفعات پر عملدرآمد کرانے کی کوئی جرات نہیں کرسکتا ۔ انہوںنے کہاکہ اٹارنی جنرل کا یہ کہنا کہ ان کے ہاتھ بندھے ہیں ایک چھوٹی مثال ہے ورنہ اس سے بڑی مثالوں سے تاریخ بھری پڑی ہے کیونکہ آئین پر عملدرآمد ناممکن بنادیاگیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسا لگ رہاہے کہ جیسے آئین بالکل غیر فعال ہوچکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ریاست او ر آئین انتہائی کمزور چیز کا روپ دھار چکے ہیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ نیا سوشل کنٹریکٹ لایا جائے کیونکہ ریاست اور آئین عوام کا تحفظ نہیں کرپا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آئین کے ساتھ بدسلوکی کے باعث ہی ریاست شہریوں کو تحفظ نہیں دے سکی ملک میں ہر طرف افراتفری اور انارکی ہے جس ملک میں قاتلوں کی حکمرانی ہو، ریاست کے اندر ریاست قائم ہو، کسی قاتل یا مجرم کو سزا نہ دی جاسکتی ہو اور عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کی اجازت تک نہ ہو اس پر افسوس کے علاوہ کیا کہا جاسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا لیکن آج کی ابتر صورتحال دیکھ کر انتہائی افسوس ہو رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما انیلا بیگ کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما انیلا بیگ کی رہائش گاہ واپڈا ٹاون میں کارنر میٹنگ کا انعقا د کیا گیا جس میں تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑ ی تعداد نے شر کت کی تقر یب سے خطاب کر تے ہوئے انیلا بیگ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستانی عوام کی آواز ہے اور آئندہ الیکشن پاکستان کی عوام ہر صورت تبدیلی لیکر ہی آئے گی انہوں نے کہا کہ عوام کو بے حس حکمرانوں نے مختلف بحرانوں میں مبتلا کیا ہے جسکی وجہ سے بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کو خود کشیاں کر نے پر مجبور کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں عوام کو تحریک انصاف کے علاوہ کو ئی بھی اُمید کی کرن دیکھائی نہیں دیتی کیو نکہ تمام سیاسی جما عتوں کو عوام آزما چُکی ہے انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کا بازار گرم کر نے والوں اور غر یب عوام کے خون پسینے کی کمائی جو بیرونی ملک سوئس اکاوئنٹ میں رکھ کر عوام کے جذباتوں سے کھیلنے والوں کا احتساب تحریک انصاف کر ئے گی کیونکہ لوٹ مار کر نے والوں نے سیاسی اتحاد اور کچھ لو اور دو کی سیاست کو جنم دیا ہے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار کے لئے نہیں بلکہ عوام کی جنگ لڑ رہی ہے اور آئندہ الیکشن تحریک انصاف کا ہی ہو گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ریاض اصغر چودھری کے گھر پولیس کا دھاوا انتقامی کارروائی کی بدترین مثال ہے: چودھری شجاعت حسین

لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے سابق ایم پی اے و ضلع ناظم منڈی بہائو الدین ریاض اصغر چودھری کے گھر پر پنجاب پولیس کے دھاوا بولنے، اہل خانہ کو ہراساں کرنے اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ضلع منڈی بہائو الدین کے تمام تھانوں کی پولیس نے ایلیٹ فورس کے ہمراہ منگل کو میری ہمشیرہ کے گھر پر اچانک ہلہ بول دیا اور زبردستی اندر گھس گئے۔ چودھری شجاعت حسین نے اس واقعہ کو طاقت کے ذریعے حکمرانی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے نشے میں دھت پنجاب کے حکمران صوبے میں بدتر امن و امان کی بدترین صورتحال، چوری، ڈکیتی اور بڑھتے ہوئے جرائم کو کنٹرول کرنے پر توجہ دینے کی بجائے پولیس کو سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کیلئے استعمال کر رہے ہیں، طاقت کے ذریعے حکمرانی نے پنجاب میں جمہوریت اور رواداری کا ڈھکوسلا بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف لوگوں کے گھر میں گھس کر بدامنی پھیلانا سب سے بڑی دہشت گردی ہے، پنجاب حکومت کے زہرناک اقدامات نے ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے انتقام کی پرانی روش نہیں چھوڑی لیکن انہیں ادراک نہیں کہ انتقامی رویوں کا انجام اچھا نہیں ہوتا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قومی انتخابات کو ملتوی کرنے اور تین سال کے لیے غیر آئینی سیٹ اپ مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے:سید منور حسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ قومی انتخابات کو ملتوی کرنے اور تین سال کے لیے غیر آئینی سیٹ اپ مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ پیپلز پارٹی بدترین شکست سے بچ جائے ۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹر رضا ربانی کے بیان نے ان خدشات کو صحیح ثابت کر دیا ہے۔ انتخابی عمل کو سبوتاژ کر کے ملک کو انتشار کا شکار کرنے کی سازش کافی عرصے سے جاری تھی ، طاہر القادری کا لانگ مارچ اور دھرنا بھی اسی سلسلے کی کڑی تھا اور آج حکومتی سینیٹر رضا ربانی کے بیان سے جمہوریت پسند قوتوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ۔ حکمران اتحاد کسی بھی صورت انتخابات کو ملتوی کرانے کے لیے غیر آئینی حربے استعمال کر رہاہے اور نادیدہ قوتوں کے نام پر انتخابات کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں ۔ نگران سیٹ اپ صرف الیکشن کے انعقاد کے لیے تشکیل دیا جانا چاہیے ۔ قوم کسی ایسے سیٹ اپ کو قبول نہیں کرے گی جس سے آئین و ستور سے ہٹ کر انتخابی سسٹم کو اپ سیٹ کرنا مقصود ہو۔ الیکشن کمیشن کو تحلیل کرنے کی سازشیں بھی جاری ہیں۔کراچی روانگی سے قبل سید منورحسن نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار سے قوم بری طرح تنگ ہے اور جلد از جلد ان لٹیروں سے نجات چاہتی ہے۔ عوام نے انتہائی پریشانی میں پانچ سال گزارے ہیں لیکن غیر آئینی رستے کو اختیار نہیں کیا تاکہ ملک میں انارکی اور انتشار نہ پھیلے اب جبکہ حکومت تمام تر خرابیوں اور نااہلی کے باوجود اپنی مدت پوری کر چکی ہے تو اسے انتخابات کا رستہ ہموار کرناچاہیے تھا اور اس کے رستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے عوام کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کاموقع دینا چاہیے تھا لیکن عوام سے یہ حق چھیننے کی سازشیں کی جارہی ہیں ۔ سید منورحسن نے کہاکہ ہم اس سے پہلے بھی بار بار متنبہ کر چکے ہیں کہ اگر حکومت نے غیر آئینی ہتھکنڈوں سے الیکشن ملتوی کرنے اور عوام کو ان کے حق سے محروم رکھنے کی کوشش کی تو اس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے ۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکاہے اور لوگوں نے ایک ایک دن گن کر حکومت کی آئینی مدت کو پورا کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ زرداری اور ان کے حواری کسی صورت بھی اقتدار سے الگ ہونے کو تیار نہیں ہیں ۔ ایم کیو ایم اقتدار سے نکلنا اپنی موت سمجھتی ہے اور اسی طرح اے این پی بھی اقتدار پر مسلط رہنا چاہتی ہے، ان حالات میں مختلف سازشوں سے انتخابات کے التوا کی کوشش کی جاری ہے جس سے آئین کا شیرازہ بکھر جائے گا اور بدامنی اور لاقانونیت پر قابو پانا ممکن نہیں رہے گا ۔ سید منورحسن نے کہاکہ آئین پسند جمہوری قوتوں کو ان سازشوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے سدباب کے لیے متحد ہو کرمیدان میں نکلنا ہوگا اگر ان غیر آئینی ہتھکنڈوں کو روکنے اور انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی نہ بنایا گیا تو ملک انارکی اور خانہ جنگی کی دلدل میں پھنس جائے گا اور ہر طر ف افراتفری اور لاقانونیت کا راج ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری کوختم کرنے کے لیے ترمیمی بل کی شدید مذمت کرتے :لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کمیٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے ترمیمی بل پیش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شعبہ تعلیم پر جعلی ڈگری ہولڈرز کا کھلا حملہ قرار دیاہے ۔لیاقت بلوچ نے ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں کے سربراہان اور اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشنز ، طلبہ و طالبات سے مکمل یکجہتی اور جماعت اسلامی کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری ختم کرنے کے خلاف تحریک کا ساتھ دینے کا اعادہ کیاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے اپنے دور اقتدار میں ملک کے آئینی ، قانونی اور قومی اداروں کی جو بے توقیری کی ہے ،وہ انتہائی شرمناک ہے ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا یہی جرم ہے کہ اس نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں جعلی ڈگریوں کے حامل نمائندوں کو ملک و قوم کے سامنے بے نقاب کیا ۔ قوم نے ہائر ایجوکیشن کے اقدام کو سراہا لیکن کرپٹ اور جعلی ڈگری ہولڈر ارکان اسمبلی اور ان کے حامیوں کو یہ ناگوار گزرا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ہی کی حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے فنڈز روک کر تعلیم دشمن حکومت کا ثبوت دیاہے ۔ موجودہ حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کی چوتھی ذہین ترین قوم ہے مگر پاکستان میں اعلیٰ تعلیم نہ صرف محدود بلکہ بہت مہنگی ہے ۔ نوجوان پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد سے زائد ہیں لیکن اعلیٰ تعلیم کے دروازے ان کے لیے بند ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی برسراقتدار آ کر میرٹ پر آنے والے طلبا کو ان کی پسند کی اعلیٰ تعلیم کے لیے وسائل بہم پہنچائے گی ۔ صوبوں کی سطح پر یوتھ منسٹری قائم کرے گی اور تعلیم و تحقیق کے لیے صوبائی سطح پر طلبہ کے لیے آسان قرضے کے حجم میں اضافہ اور روزگارکی ضمانت کا اجرا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مختصر دورانیے کے پروفیشنل اور ووکیشنل کورسز کروانے کا اہتمام ، خود روزگار اسکیم کے تحت بلاسود قرضے ، صحت مند کلچرل سرگرمیاں اور کھیل و تفریح کے وسیع مواقع فراہم کرے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈمی سروے میں جیتنے والوں کو4بار ضمنی الیکشن میں شکست دی،چودھری ظہیرالدین
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین خاں نے کہا ہے کہ کہ ڈمی سروے میں جیتنے والوں کو 4بار پنجاب میں ضمنی الیکشن کے دوران ون ٹو ون مقابلہ میں شکست دے چکے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں ساہیوال کی معروف سماجی شخصیت سید علمدار حسین شاہ کی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر کیا، سید علمدار حسین شاہ نے کہا کہ چودھری برادران محب وطن ،عوام کا درد رکھنے والے راہنما ہیں ق لیگ کے پلیٹ فارم سے سماجی خدمت کرنا چاہتا ہوں ۔ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ناصر محمود گل، اراکین صوبائی اسمبلی کرنل(ر) محمدعباس، بائو رضوان، ایم ایس ایف پنجاب کے صدر سہیل چیمہ نے سید علمدار حسین شاہ کو مسلم لیگ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سپانسرڈ سروے پری پول رگنگ ہے، سروے میں جیتنے والے انتخابی میدان میں عبرتناک شکست کے لیے تیار رہیں، پنجاب کو برباد کرنے والوں کو عوام پاکستان برباد کرنے کا موقع نہیں دیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

محکمہ خوراک کے افسران اوپن مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں : سردار ذوالفقار کھوسہ
لاہور(جی پی آئی)سینئر مشیر وزیر اعلی پنجاب و سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ اوپن مارکیٹ میں حکومت کے مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو معمول کے مطابق یقینی بنائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ـانہوں نے یہ ہدایت بات آج یہاں فلور ملوں کو گندم کے اجراء بارے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں صوبائی وزیر زراعت احمد علی اولکھ ، معاون خصوصی برائے خوراک منشاء اللہ بٹ ، چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ ، چیئر مین منصوبہ بندی و ترقیات جاوید اسلم ، محکمہ خزانہ ، زراعت ، خوراک اور صنعت کے سیکرٹری صاحبان ،ڈائریکٹر خوراک عثمان یونس کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ـسینئر مشیر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کو معاون خصوصی برائے خوراک منشا ء اللہ بٹ نے رپورٹ پیش کی کہ انہوں نے صوبہ میں عوام کو آٹا کی فراہمی چیک کرنے کے لئے گوجرانوالہ ، قصور ، منڈی بہاؤالدین ، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع کے دورے کئے ہیں جہاں اوپن مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں موجود تھا اور حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت جاری تھی ـ اجلاس میں محکمہ خوراک کے پاس موجود گندم کی سٹاک پوزیشن کا بھی جائزہ لیا گیا اور فلور ملز کو جاری کردہ گندم کی مقدار اور مارکیٹ میں آٹے کی تقسیم پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ـ سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے سیکرٹری خوراک کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ضلعی افسران سے ان کے متعلقہ اضلاع میں آٹے کی فراہمی بارے ہر دوسرے دن رپورٹ دیں ـانہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں گندم خریداری مہم کی پالیسی بھی پیش کی جائےـ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اینیمل بریڈنگ کے شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے،جاوید اکبر
لاہور(جی پی آئی)پاکستان میں ہنگری کے سفیر مسٹر اسٹوان سزابو نے کہا ہے کہ واٹر مینجمنٹ ،لائیو سٹاک اور ایگریکلچرکے شعبوں میںدونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور مذکورہ شعبوں میںتعاون کا فروغ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔یہ بات انہوںنے پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید اکبر اور ان کی ٹیم کے ارکان سے ایک ملاقات کے دوران کہی۔ہنگری کے سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری سزانتواٹیلااور ہنگری کے اعزازی قونصل جنرل مہتاب محی الدین بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔ہنگری کے سفیر نے کہا کہ ہنگری کی پٹرول کمپنی نے خیبرپختونخوا میں1.4 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے 3 گیس پلانٹس قائم کئے ہیں۔انہوں نے پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے حکام کو بڈاپسٹ میں اکتوبر2013 میں ہونے والے انٹر نیشنل واٹر ایونٹ میں پنجاب کے سرمایہ کاروں اور این جی اوز کی شرکت کے حوالے سے بھی دعوت دی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انوسٹمنٹ بورڈ پنجاب جاوید اکبر نے کہا کہ اینیمل بریڈنگ کے شعبے میں ہنگری کے ماہرین عالمی شہرت کے حامل ہیں جبکہ پاکستان مویشیوں کی تعداد کے حوالے سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔اس شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ماہ لاہور آنے والے ہنگری کے وفدکی میزبانی کرتے ہوئے انہیں بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔اس موقع پر ہنگر ی کے سفیر،فرسٹ سیکرٹری اور اعزازی قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔