الطاف حسین اور سپریم کورٹ کا معاملہ تحریری جواب سے ختم ہو جائیگا،گورنر پنجاب

Latif Khosa

Latif Khosa

لاہور (جیوڈیسک)گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ الطاف بھائی کا بات کرنے کا اپنا انداز ہے امید کرتا ہوں توہین عدالت کیس میں تحریری جواب داخل ہوگا تو معاملہ ختم ہوجائے گا۔

یونیورسٹی آف ویٹرینری اینڈ اینیمل سائینسز لاہور کے چوتھے سالانہ کانووکیشن میں گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے کامیاب طلبا میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے اس موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ نیب جب تک وفاق کی کرپشن کی بات کرتا رہا تو سب ٹھیک تھا لیکن جب پنجاب میں کرپشن کی نشاندہی کی تو مسلم لیگ ن نے چیئرمین نیب کا ذہنی توازن خراب قرار دے دیا۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے پبلک پراپرٹی ہوتے ہیں اور ان پر الطاف بھائی نے اپنے انداز میں رائے دی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ بات بڑھے گی نہیں اور جب ایم کیو ایم کا تحریری جواب داخل ہوگا تو معاملہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارہ اپنی حدود میں رہ کر کام کرے تو ایسے حالات پیدا نہ ہوں۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی اصلاحات رائج کر دی ہیں۔ مایوسی کی کوئی بات نہیں ، معاشی حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے جمہوری حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے پر قوم اور سیاسی جماعتوں کو مبارکباد بھی دی۔