الیکشن کمیشن : دھرنا دینے والی جماعتیں 7 فروری کو طلب

Election Commission Pakistan

Election Commission Pakistan

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں گھر گھر ووٹرز کی تصدیق کے معاملے پر اجلاس طلب کر لیا۔ بدھ کو شروع ہونے دو روزہ اجلاس میں کئی اہم معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرز لسٹوں کے خلاف دھرنا دینے والی جماعتوں کو سات فروری کو طلب کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے دو روزہ اجلاس بدھ کو شروع ہوگا۔ جس میں کراچی میں فوج کی زیر نگرانی ووٹرز لسٹوں کی گھرگھر تصدیق کا معاملہ زیرغور آئے گا۔ ن لیگ کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی دھرنے کے بعد کراچی میں گھر گھر ووٹرز کی تصدیق نے اہمیت اختیار کر لی ہے ۔ کراچی میں ووٹرز فہرستوں کی تصدیق کا عمل گیارہ فروری تک جاری رہے گا۔

مسلم لیگ ن جماعت اسلامی۔ جمعیت علمائے پاکستان نورانی۔ سنی تحریک۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور مختلف قوم پرست جماعتوں کا مطالبہ ہے کراچی میں ووٹرز لسٹیں متنازع ہیں جو کسی صورت قبول نہیں۔

الیکشن کمیشن نے دھرنا دینے والی جماعتوں کو جمعرات کی شام چار بجے طلب کر لیا ہے۔ پہلے ان جماعتوں کو چھ فروری کو بلایا گیا تھا۔ اب کمیشن کے اجلاس کے آخری روز ان جماعتوں کے ساتھ بیٹھک ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت انتخابی امیدواروں کی نااہلی کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔ کاغذات نامزدگی میں ترامیم اور نئے کالم شامل کرنے پرغور کیا جائے گا۔ ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواروں کے مالی معاملات کی کلیئرنس کے لیے ایف بی آر اور دیگر اداروں سے رابطے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔