امریکہ: سمندری طوفان میں ہلاکتیں 9ہوگئیں

Irene

Irene

سمندری طوفان آئرین کی امریکا میں تباہ کاریاں جاری، شمالی کیرولائنا کے بعد تیز ہوائیں نیویارک کے ساحل سے ٹکراگئیں، ٹریفک اور دیگر حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد نو ہوگئی، واشنگٹن سمیت درجن سے زائد ریاستوں میں ہنگامی حالات کا اعلان، پیوروٹو ریکو سمیت متعدد ریاستوں کو آفت زدہ قرار دے گیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں اور امریکی نشریاتی اداروں کے مطابق سمندری طوفان آئرین کیٹیگری دو سے ایک میں تبدیل ہونے کے باوجود امریکی ریاستوں کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔ ایک سو اسی میل فی گھٹنہ کی رفتار سے تیز ہواں نے ورجینیا، شمالی کیرولائنا، مغربی ورجینیا، نیو جرسی اور ڈیلاور کے سیکڑوں گھر، ہزاروں درخت اور دیگر تنصیبات جڑ سے اکھاڑ دی۔ روڈ راستوں پر ٹریفک حادثوں اور دل کا دورہ پڑنے سے ایک گیارہ سالہ بچی اور بچے کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیس کے قریب افراد ہلاک ہوئے تاہم تصدیق صرف نو کی ہوئی ہے۔ مشرقی اور مغربی ساحلی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔ لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا تھا تاہم ایک لاکھ کے قریب بزرگ لوگ گھروں میں رہ گئے۔ ادھر نیویارک میں تیز ہواں اوربارش سے اندھیرا چھا گیاہے۔ شہر کے میئر مائیکل بلوم برگ نے اپیل کی کہ طوفان ساحل سے ٹکرا گیا لوگ اپنے اپنے گھروں میں موجود رہیں۔
فلاڈیلفیا، نیویارک اور دیگر ریاستوں میں ٹرینوں کا زیر زمین نظام بند کردیا گیا ہے اور اندرون ملک ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ تیز بارش کے بعد روڈ راستوں پر پانی جمع ہوگیاہے اور لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہیں۔ امریکی صدر براک اوباما نے ایک درجن سے زائد ریاستوں میں ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد پیوروٹو ریکو اور دیگر متعدد ریاستوں کو آفت زدہ قرار دیا۔