امریکی خام تیل بدترین گراوٹ کا شکار ہوکر صفر سے بھی نیچے چلا گیا

Crude oil

Crude oil

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی منڈی میں امریکی خام تیل بدترین گراوٹ کا شکار ہوکر صفر کی سطح سے بھی نیچے چلا گیا۔

عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ ( ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمتوں میں 107 فیصد تک کی ناقابل یقین کمی دیکھی گئی اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت منفی زون میں داخل ہوگئی اور اس میں مزید کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

پیر کے روز امریکا میں تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش تیزی سے ختم ہونے کی خبروں کے بعد قیمتوں میں شدید مندی دیکھی گئی اور ایک دن کے دوران 37.63 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی جو کہ 1983 کے بعد سے کم ترین سطح ہے۔

دوسری جانب برینٹ کروڈ آئل 25.62 ڈالر فی بیرل کی سطح پر مستحکم ہے جب کہ عالمی گیس کی قیمت 6 فیصد اضافے سے 1 ڈالر 87 سینٹ پر موجود ہے۔

کینیڈین خام تیل کی قیمت بھی ایک ڈالر فی بیرل سے کم ہوگئی ہے جس کے بعد کینیڈا میں تیل کی پیداوار بند کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری سے دنیا بھر میں کورونا بحران کے باعث طلب میں کمی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں ۔

گذشتہ دنوں تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک سعودی عرب اور روس کے درمیان تیل کی پیداوار میں کمی کا معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے تیل کی پیداوار میں کمی کرنا ہے۔

معاہدے کی خبریں سامنے آنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا تھا تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اب بھی پیداوار طلب سے زیادہ ہے۔