امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کے اسکول میں فائرنگ، 28 افراد ہلاک

School Firing

School Firing

امریکہ(جیوڈیسک)امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کے شہر نیو ٹاؤن کے ایک اسکول میں مسلح شخص کی فائرنگ سے اٹھائیس افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کے شہر نیو ٹاؤن کیسینڈی ہک ایلمینٹری اسکول میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی آواز آتے ہی اسکول میں بھگڈر مچ گئی اور بچے کلاس روم سے نکل کر باہر کی جانب دوڑے پڑے۔ سفاک حملہ آور نے اپنی سمت میں آنے والے ہر فرد پر گولیاں برسائیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کا عملہ اسکول میں پہنچ گیا۔ تاہم تب تک اپنی بندوق خالی کرنے والا حملہ آور اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی ختم کر چکا تھا۔ حملے میں زخمی بچوں اور دیگر افراد کو ایمبیولینسوں کے ذریعے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

عمارت میں ہولناک مناظر کے باعث انتظامیہ نے چھوٹے بچوں کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر انہیں عمارت سے باہر نکالا۔ ہلاک ہونے والوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے جبکہ پولیس کے مطابق اسکول سے کچھ دور ایک اور لاش ملی ہے جس کا مبینہ طور پر اسی واقعے سے تعلق ہے۔

پولیس نے اسکول سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار بھی کیا ہے جس پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ حملہ آور کا ساتھی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کی عمر 20 سال تھی۔