بلوچ قیادت سے سیاسی انتخابی ایڈجسٹمنٹ کریں گے ، نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نوازشریف نے بلوچ لیڈر شپ کو قومی دھارے میں لانے اور نیشنلسٹ پارٹیز کو انتخابی عمل کا حصہ بنانے کیلئے بلوچستان کی سطح پر ان کے مدمقابل امیدوار نہ لانے اور ان سے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ میاں محمد نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں حقیقی نمائندہ حکومت کا قیام پاکستان کیلئے ضروری ہے۔

بلوچستان کی لیڈرشپ اور بلوچ نیشنلسٹ جماعتوں تک اپنا پیغام پہنچانے کیلئے نوازشریف نے پارٹی ترجمان سینیٹر پرویز رشید کو بلوچستان جانے کی ہدایت کی ہے۔ سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ گذشتہ دنوں بلوچ لیڈر شپ نے رائیونڈ میں مسلم لیگ(ن) کے سربراہ نوازشریف سے ملاقات کی۔ نوازشریف نے ان سے انتخابی عمل کا حصہ بننے اور سیاسی کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

نوازشریف نے کہا کہ وہ بلوچستان میں بلوچ لیڈرشپ خصوصا نواب اکبر بگٹی، سردارعطا اللہ مینگل، میرغوث بخش بزنجو اور ان کی جماعتوں کے خلاف اپنے امیدوار نہیں لائیں گے جس پر بلوچ لیڈرشپ نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ انتخابی عمل کا حصہ بنیں گے اور جلا وطن بلوچ قیادت کی واپسی اور ان کے سیاسی کردار کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں گے۔