انتخابات میں تاخیر کا امکان نہیں ، سیکریٹری الیکشن کمیشن

Ishtiaq Ahmed

Ishtiaq Ahmed

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی میں فوج کی مدد سے ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل جنوری میں شروع ہو جائے گا، آج اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔ عدالت عظمی نے کراچی میں فوج کی نگرانی میں انتخابی فہرستوں کی گھر گھر تصدیق کا حکم دیا تو الیکشن کمیشن نے تیرہ دسمبر کو اس معاملے پر سر جوڑ کر بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ووٹروں کی تصدیق اور نئی حلقہ بندیوں کا عمل جنوری کے پہلے ہفتے سے شروع ہو کر فروری کے اختتام تک مکمل ہو گا۔

آئندہ دو ہفتوں میں لاجسٹک پلان مکمل کر لیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ انتخابات میں تاخیر کاکوئی امکان نہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر پندرہ سیاسی جماعتوں کی تجاویز موصول ہو چکی ہیں جن کا جائزہ آج ہونے والے اجلاس میں لیا جائے گا۔ انہوں کہا کہ سیاسی جماعتوں کی اکثریت نے کراچی میں عام انتخابات کے دوران امن و امان کی خراب صورتحال سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے اور پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

کراچی میں ووٹوں کی تصدیق اور نئی حلقہ بندیوں پر کئی سیاسی حلقوں نے تحفظات کا اظہار تو کیا ہے تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہر صورت عمل ہو گا اور اس میں فوج کی مدد بھی لی جائے گی۔