انسانیت کے احترام کا درس دینا موجودہ حالات کی اہم ضرورت ہے، پروین سعید

parveen syed

parveen syed

کراچی: ( پ ر )ملک سے بھوک ،افلاس اور تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے کے لئے تعلیمی اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ طلباء کوکتابی تعلیم کے ساتھ ساتھ انسانیت کے احترام اور بھلائی کا درس دیناموجودہ حالات کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار کھانا گھر کی سربراہ پروین سعید نے خادم علی شاہ بخاری انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کیسبٹ) میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر کیسبٹ سید علی عباس عابدی،ڈین ڈاکٹر محمد محمود فیکلٹی اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔حاضرین کو بتایا گیا کہ پروین سعید 2005ء سے سرجانی ٹاون میں غریب اور نادار لوگوں کو بلاتفریق صرف تین روپئے میں پیٹ بھر کر کھانا کھلا رہی ہیں۔پروین سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں کیسبٹ کی شکر گذار ہوں یہاں طلباء کو کتابی تعلیم کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں مشغول رکھا جاتا ہے اُنہیں تربیت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے ساتھ دوسروں کی بھلائی کا بھی سوچیں۔یہ بھی شکر گذار ہوں کہ کیسبٹ کے طلباء جہاں معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں وہاں ایک اچھے انسان بھی بن رہے ہیں۔کیسبٹ کے طلباء نے اپنی استعطاعت سے بڑہ کر کھانا گھر کے لئے فنڈزفراہم کئے۔

اگر اسی طرح قوم کے نوجوان بھلائی کے کام کرتے ہیں تو میں یقین کے ساتھ کہتی ہوں کہ اس ملک سے بھوک و افلاس کاخاتمہ ہوجائے گا۔وائس چانسلر کیسبٹ سید علی عباس عابدی نے کہا کہ آج کل یہ روایت چل گئی ہے کہ لوگ لمبی لمبی گاڑیوں میں گھوم رہے ہیں اور اُنکا پڑوسی بھوکا سو رہا ہے جبکہ یہ شیوہ ہمارے خلفائے راشدین کا نہیں ہے۔وہ خود بھوکے رہتے تھے مگر اپنی عوام اور پڑوسیوں کی بھوک کا ہر طریقے سے خیال رکھا کرتے تھے۔تقریب کے اختتام پر پروین سعید کو کیسبٹ کے وائس چانسلرسید علی عباس عابدی نے نے یادگاری شیلڈ پیش کی