انٹرنیشنل رینکنگ میں جلد بہتر مقام حاصل کرلوں گا،عامر اطلس

Aamir Atlas

Aamir Atlas

کراچی : (جیو ڈیسک) پاکستان کے نامور سکواش کھلاڑی عامر اطلس نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ برٹش اوپن میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرکے انٹرنیشنل رینکنگ میں بہت جلد بہتر مقام حاصل کرلوں گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نومبر 2009 میں وہ عالمی سکواش رینکنگ میں 14ویں نمبر پر تھے او ر حال ہی میں 32 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور دسویں چیف آف آرمی سٹاف سکواش چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیت کر ان کے کھیل میں مزید نکھار آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ لندن میں ہونے والی برٹش اوپن ایونٹ میں شرکت کریں گے اور انہیں توقع ہے کہ وہ سکواش کی عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ عامر اطلس نے کہا کہ دسویں چیف آف آرمی سٹا ف سکواش چیمپیئن شپ میں 10 مقابلوں میں 4 مرتبہ انہوں نے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 3 ماہ بعد کسی بیرونی ملک میں ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔