اوباما انتخابات جیت جائیں گے ، امریکی ویب سائٹ کا دعوی

Obama

Obama

امریکا (جیوڈیسک) امریکی صدارتی الیکشن سے ایک دن پہلے صدراوباما کو اپنے ری پبلکن حریف مٹ رومنی پر پھرمعمولی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر اوباما اس بار بھی میدان مار لیں گے۔ میڈیا سروے کے مطابق اڑتالیس فیصد ووٹر براک اوباما کے حق میں ہیں جبکہ سینتالیس فیصد ووٹرز نے مٹ رومنی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں دونوں امیدوار فیصلہ کن ریاستوں کے ووٹ لینے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی ویب سائٹ ہافنگٹن پوسٹ نے دعوی کیا ہے کہ صدر اوباما اپنے مد مقابل ری پبلکن امیدوار مٹ رومنی کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ویب سائٹ کے مطابق مٹ رومنی انتخابات میں 206 الیکٹرول ووٹ حاصل کر پائیں گے جبکہ صدر اوباما 277 الیکٹرول ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

صدر منتخب ہونے کے لئے امیدوار کو 50 ریاستوں میں 270 الیکٹرول ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ انتخابات میں فیصلہ کن کردار ورجینیا، نیو ہمیپشائر، کولوراڈو اور فلوریڈا کا ہو گا جبکہ 4 میں سے 2 ریاستوں میں اوباما کو سبقت حاصل ہے۔