اگر 5 سال حکومت کرتے تو ملک کی تقدیر بدل دیتے۔ نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بڑے بڑے جرنیل آئین و قانون کی عزت کرتے ہیں سب لوگ مشرف نہیں، حکومت ختم کر کے جیل نہ بھیجا جاتا تو آج نوکریاں طلبا کا انتظار کرتیں۔ اسلام آباد میں لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم ریٹائرڈ نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے ایک بار پھر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کو کسی سے اجازت لینے یا پوچھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان ملک کے اندر اور باہر دورہ کرتے ہیں لیکن اسکردو جانے کیلئے ان کے پاس پیسے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان غلط بیانی اور بہتان لگانے کے بادشاہ ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ اسکردو میں پاک فوج کے جوان جان کی پروا کئے بغیر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اس سے قبل کنونش سنٹر اسلام آباد میں طلبا کو لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا کہ ملک میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ حکومت ختم کر کے جیل نہ بھیجا جاتا تو آج نوکریاں طلبا کا انتظار کرتیں، سات سال جلا وطن کیا گیا سات دن بھی پاکستان سے باہر نہیں رہ سکتا۔ قائد ن لیگ نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ لیپ ٹاپ تقسیم نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لال مسجد آپریشن کرنے والے کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔ خوشی ہے آج، مشرف کو نہیں ذہین طلبا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب زرداری صاحب کی پارٹی جیتی تو دھاندلی کا گلہ نہیں کیا، گزرا ہوا کل آج کے پاکستان سے بہتر تھا۔ اگر پانچ سال حکومت دی جاتی تو ملک کی تقدیر بدل دیتے۔

انہوں نے کہا کہ موٹر وے کسی سے بھیک مانگ کر نہیں بنائی، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں سفارش کلچر کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر میاں نواز شریف نے صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب سندھ، کے پی کے، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے طلبا میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔