ایشیائی ترقیاتی بینک کا بینکاری نظام سے آگاہی کا پروگرام

ADB

ADB

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک کی تین سو ملین ڈالرز کی مالی معاونت سے پاکستان میں بینکاری نظام سے آگاہی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ پہلے مرحلے کے دوران سینتالیس ہزار آٹھ سو لوگوں میں بینکاری نظام اور اس کے معاملات اور فوائد کے بارے میں شعور اجاگر کیا گیا۔

منصوبے کی کنسلٹنٹ ملیحہ حسن کے مطابق پہلے مرحلے کے دوران اٹھارہ سے ساٹھہ سال کی عمر کے لوگوں کو ایکٹویٹی بیس تربیت دی گئی ، جس میں ساٹھ فیصد دیہی آبادی ، بیس فیصد آبادی کا تعلق قصبوں سے جبکہ بیس فیصد شہری آبادیوں کے لوگوں کو تربیت دی گئی،منصوبے کے دوران ملک بھر کے تریپن اضلاع کے لوگوں میں بینکنگ کے شعبہ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔

نیشنل فائنینشل ایجوکیٹرز کونسل کے مطابق ملک کے باون فیصد افراد اپنی بچتوں کو گھروں میں رکھتے ہیں جبکہ تریپن فیصد لوگ ضرورت کے وقت اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے ادھار لیتے ہیں جبکہ صرف دس فیصد آبادی مالی معاملات کے حوالے سے بینکوں سے رجوع کرتی ہے۔