ملکی تجارتی خسارہ 21 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا

dollar

dollar

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) ملکی برآمدات کے حوالے سے مقرر کردہ پچیس ارب ڈالر کا ہدف حاصل نہ کیا جاسکا۔ جون میں ختم ہونے والے مالی سال دوہزار گیارہ اور بارہ کے دوران تجارتی خسارہ اکیس ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔
ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال دوہزار گیارہ بارہ کے دوران ملکی برآمدات تئیس ارب چونسٹھ کروڑ ڈالر رہیں جو گذشتہ سال کی برآمدات کے مقابلے میں ایک ارب سولہ کروڑ نوے لاکھ ڈالر کم ہیں۔ برآمدات میں کمی کی بڑی وجہ توانائی کا بحران رہا۔

دوسری جانب ملکی درآمدات چوالیس ارب اکیانوے کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ سال کے مقابلے میں چار ارب اننچاس کروڑ اسی لاکھ ڈالر زائد ہیں۔ درآمدات میں اضافے کی بڑی وجہ پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردنی سمیت مشینری کی درآمدات میں اضافہ ہے۔اس طرح ملکی تجارتی خسارہ چھتیس فیصد اضافے سے اکیس ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔