ایمان والے شخص کو کوئی نہیں خرید سکتا،عمران خان

imran khan

imran khan

لاہور : (جیو ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ملک ریاض کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص اٹھ کر کہتا ہے کہ وہ پورا پاکستان خرید سکتا ہے تو یہ صرف ہمارے سیاستدانوں کی غلطیاں ہیں ۔

لاہور میں کل پاکستان علما مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سیاستدانوں کی غلطیاں ہی ہیں کہ جو ملک ریاض جیسے لوگ ان کو خریدنے کی باتیں کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایمان والے شخص کو کوئی نہیں خرید سکتا اور جس کی قیمت لگ جائے وہ ایمان والا نہیں۔ تحریک انصاف پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی مملکت بنانا چاہتی ہے۔ جس نظریے پر پاکستان معرض وجود میں آیا تھا، اس نظریے کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو بچایا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرہمیں سیکولر ہی رہنا تھا تو ہندوستان سے علیحدہ ہونے کی کیا ضرورت تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعدامریکہ سمیت مغرب میں جو برا سلوک سبز پاسپورٹ والوں کے ساتھ ہوا ہے وہ بھارتی باشندوں کے ساتھ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خود کش حملوں اور اسلام کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ، یہ صرف ایک رد عمل ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی خود کش حملوں کی تائید نہیں کی تاہم جو قوم اپنے لوگوں کو تحفظ اور عزت نہیں دیتیں ان کی کوئی بھی عزت نہیں کرتا۔۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی، مفتی عبدالقوی، حافظ عبدالرحمن مکی اور دیگر علمابھی موجود تھے۔