ایندھن اور دستیاب انجنوں کی فراہمی، مزید چار ٹرینیں بحال

lahore train

lahore train

لاہور سمیت ملک بھر میں ایندھن اور دستیاب انجنوں کی فراہمی قدرے بہتر ہونے پر مزید چار ٹرینیں بحال کر دی گئی ہیں۔ تاہم ٹرینوں آمدورفت میں تاخیر بدستور جاری ہے۔ لوکو موٹیو شیڈ لاہور میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پانچ خراب انجنز کو مرمت کے بعد ٹھیک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد فعال انجنوں کی تعداد بڑھ کر بانوے ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق نومبر کے اختتام تک مزید چھ انجن درست ہو جائیں گے۔ لاہور ریجن میں انجنز کی تعداد میں اضافے پر شورکوٹ، نارووال، فیصل آباد روٹس پر چار پسنجر گاڑیاں بھی بحال ہو گئی ہیں۔ اس دوران مختلف ریجنز میں ڈیزل کی سپلائی کے نظام میں بھی قدرے بہتری آئی ہے۔
کراچی سے لاہور آنے والی اپ ٹرینوں میں تیزگام ساڑھے چار گھنٹے، کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس چھ اور کوئٹہ ایکسپریس سات گھنٹے لیٹ ہیں۔ ڈاون ٹرینوں میں راولپنڈی سے کراچی جانے والی تیز گام اور عوام ایکسپریس چار چار گھنٹے، اور راولپنڈی نان سٹاپ نصف گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ کراچی اسٹیشن پر پہلی عید اسپیشل ٹرین کل جمعے کے روز روانہ ہو گی۔ اس دوران لاہور ریجن اور ہیڈکوارٹرز کے آٹھ ہزار ملازمین اور تین ہزار پنشنرز کو ادائیگی بھی کل تک مکمل ہو جائے گی۔