باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے : امریکی سفیر

Richard Olson

Richard Olson

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی۔ امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد ملاقات کے دوران امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان سے اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان میں معاشی استحکام حوصلہ افزا ہے۔ وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران اور امن و امان کی صورت حال آئیڈیل نہ ہونے کے باوجود معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت عوامی فلاح و بہبود کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں افراط زر کی شرح خطے میں کم ترین ہے جبکہ کراچی سٹاک ایکسچینج بھی دنیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔