بجلی پیدا کرنے اور شہر کی صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں ایک اہم اجلاس ٹی ایم اے آفس میں منعقد ہوا

گجرات (جی پی آئی) گجرات میں کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے اور شہر کی صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں ایک اہم اجلاس ٹی ایم اے آفس میں منعقد ہوا ، جس کی صدارت ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے سمیر احمد سعید نے کی ، جبکہ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو یورو کنسلٹنٹ عمر مسعود فاروقی ، ممتاز سماجی شخصیت رانا مشرف علی ناز ، چیف آفیسر ٹی ایم اے محمد فیاض ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری نے شرکت کی ، اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے عمر مسعود فاروقی نے کہا کہ گجرات میرا اپنا شہر ہے اور میں گجرات میں شہریوں کی سہولت کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں اور پبلک پرائیویٹ شراکت سے گندگی کے خاتمہ کیلئے اور گندگی سے سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے گجرات میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائیگا ، جس سے شہریوں کو بے پناہ سہولت ملے گی اور کوڑا کرکٹ کا خاتمہ ہو گا ۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے سمیر احمد سعید نے کہا کہ ٹی ایم اے اس سلسلہ میں بھرپور تعاون کرے گی اور یورو کنسلٹنٹ کمپنی کی ٹیم کو تمام سائٹس چیک کروائی جائینگی اور شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے گی ، شہریوں کی نمائندگی کرتے ہوئے رانا مشرف علی ناز نے کہا کہ گجرات کے شہری اس سلسلہ میں ٹی ایم اے سے بھرپور تعاون کرینگے تا کہ گجرات کو گندگی سے چھٹکارا مل سکے۔