برساتی پانی کی بر وقت نکاسی کو یقینی بنا نے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی (ارشد محمد) رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیایی اداروں اور واٹراینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ برساتی پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنا نے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،رین ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے ساتھ دوران برسات عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لئے عوامی شکایتی مراکز کو 24گھنٹے فعال رکھا جائے ۔ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے برسات کے بعد شاہراہوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ شرقی شاہ فیصل زون اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔

نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کی مختلف شاہراہوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی کو اپنی نگرانی میں یقینی بنا تے رہے قبل ازیں دوران برسات ٹریفک کی روانی کے نظام کو بہتر بنا نے اور نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی بروقت نکاسی اور دوران برسات بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے سابقہ حق پرست بلدیاتی ناظمین ،نائب ناظمین اور کونسلرز بھی شاہراہوں اور گلیوں میں پہنچ کر عوامی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بناتے رہے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مزید متوقع برساتی صورتحال سے نمٹنے اور دوران برسات عوامی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے تمام تر انتظامات کو مکمل رکھے جائیں تمام تر دستیاب مشنری اور عملے کو برساتی پانی کی نکاسی کے لئے آن روڈ اور الرٹ رکھا جائے۔
شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کے دورے پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو بلدیہ شرقی شاہ فیصل زون اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے رین ایمرجنسی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی رکن صوبائی اسمبلی کو بتایا گیا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایت پر میونسپل ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد تمام افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں اور انہوں نے دوران برسات 24گھنٹے اپنے محکموں سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔